بھوپال، 03 جون (یواین آئی)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے آج ریاستی دارالحکومت بھوپال دورے پر آئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی پر سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے مجسمے پر پھول چڑھانے کے دوران جوتے نہ اتارنے پر طنز کیا ہے۔
ڈاکٹر یادو نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا: ’’آج مجھے اطلاع ملی کہ ہماری ریاست میں اپوزیشن لیڈر آئے ہیں۔ آنا چاہیے، جمہوریت میں سب کو آنے کا حق ہے، لیکن دادی جی کے لیے انہوں نے پھول چڑھائے اور جوتے نہیں اتارے، یہ کچھ عجیب لگا، یہ ہمارے سنسکار کے خلاف ہے۔ ان کو ان چیزوں کا دھیان رکھنا چاہیے۔‘‘دراصل مسٹر گاندھی نے آج یہاں ریاستی کانگریس دفتر کے باہر آنجہانی اندرا گاندھی کی مورتی پر پھول چڑھائے، لیکن اپنے جوتے نہیں اتارے۔ اسی دوران ان کے ساتھ کھڑے ریاستی کانگریس صدر جیتو پٹاری نے جوتے اتار کر پھول چڑھائے۔ اس سے متعلق ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اسی بات پرراہل گاندھی کو نشانہ بنایا۔