حیدرآباد 14دسمبر(یواین آئی)حیدرآبادی کرکٹر محمد سراج نے خیر سگالی کشادہ دلی انسانیت نوازی اور اسپورٹس مین شپ کا نمایاں مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں دیا گیا مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے ساتھی تنمے اگروال کو پریزنٹیشن کے مقام پر دیتے ہوئے تمام کو حیرت ادا کر دیا۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے۔ ‘میاں میجک نے جمعہ کی شب ممبئی میں کھیلے گئے سید مشتاق علی ٹرافی 2025-26 گھریلو ٹی20 ٹورنامنٹ کے تحت ممبئی کے خلاف کھیلے گئے ایک سوپر لیگ میچ میں عمدہ گیند بازی کے ذریعہ اپنی حیدرآبادی ٹیم کو شاندار کامیابی دلائی۔ ممبئی نے اس میچ میں 131 رنز بنائے۔ سراج نے تین اہم وکٹ حاصل کئے اور صرف 21 رن دئیے۔ انہوں نے حریف بلے بازوں سوریا ونشی شیڈج، کپتان شردل ٹھاکر اور تنوش کو تیان کو آؤٹ کیا۔ اس کارکردگی کی بدولت حیدرآباد نے حریف ٹیم کو 9 وکٹ سے شکست دی۔ حیدرآباد نے جیت کے لئے درکار نشانہ 11.5 اوورس میں 132/1 رن بنا کر حاصل کر لیا۔ حیدرآباد کے تنمے اگروال نے 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس کی وجہ سے مہمان ٹیم کو نشانہ آسانی سے حاصل کرنے میں مدد ملی۔ میچ کے بعد سراج کو ان کی عمدہ کارکردگی کے لئے مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا تاہم انہوں نے اسی وقت یہ ایوارڈ اپنے ساتھی اگروال کو دیتے ہوئے سب کو حیرت زدہ کردیا۔ اس موقع پر محمد سراج نے کہا کہ اگروال اس ایوارڈ کے زیادہ مستحق ہیں جنہوں نے اچھی بلے بازی کی۔ اسی دوران ماہرین کرکٹ اور شائقین کے ساتھ ساتھ میڈیا کے بعض گوشوں کا یہ احساس ہے کہ سراج حالیہ عرصہ میں بہت اچھے فارم میں رہے ہیں۔
ٹسٹ کرکٹ میں وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا پوری طرح منوا چکے ہیں۔ اس لئے جب بھی ٹسٹ سیریز ہوتی ہے تو انہیں قومی سلیکٹرس ٹیم میں شامل کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں تاہم جہاں تک محدود اوورس کے مقابلہ کی بات ہے سراج کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ ان کے تعلق سے یہ غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ وہ سفید گیند کے ساتھ اس قدر اثر انداز نہیں ہوتے جیسا ہونا چاہئے۔ حالیہ عرصہ میں بالخصوص جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز اور پھر ٹی20 سیریز میں ٹیم انڈیا کے فاسٹ بولرس کا مظاہرہ پُرتسلسل نہیں رہا۔ ایسے میں سراج جیسے باصلاحیت اور تجربہ کار بولر کو ٹیم میں شامل ہونا چاہئے لیکن انہیں اس فارمیٹ میں مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔