ممبئی، 8 ستمبر: بامبے ہائی کورٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مبینہ توہین آمیز بیان سے متعلق ہتکِ عزت کے مقدمے میں کانگریس رہنما راہل گاندھی کی درخواست خارج کر دی ہے، جس میں انہوں نے مجسٹریٹ عدالت کی جانب سے 2019 میں جاری کردہ سمن کو منسوخ کرنے کی استدعا کی تھی۔ عدالتِ عالیہ نے واضح کیا کہ چونکہ وزیر اعظم پارٹی کا اہم چہرہ ہیں، لہٰذا اس بیان سے پارٹی ارکان کے متاثر ہونے کا حتمی فیصلہ ٹرائل کے دوران ثبوتوں اور گواہوں کی بنیاد پر ہی طے ہوگا۔ تاہم عدالت نے راہل گاندھی کے وکلاء کی جانب سے سپریم کورٹ میں اپیل داخل کرنے کی استدعا پر نچلی عدالت میں کارروائی چھ ہفتوں کے لیے مؤخر رکھنے کا عبوری حکم برقرار رکھا ہے، جس سے انہیں وقتی طور پر مجسٹریٹ کے سامنے ذاتی پیشی سے راحت مل گئی ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی کارکن ایم ایچ شری شریمل نے 2018 میں راجستھان کے انتخابی جلسے کے دوران رافیل ڈیل پر دیے گئے بیان کو بنیاد بنا کر ان کے خلاف ہتکِ عزت کی شکایت درج کرائی تھی۔