ناگپور، 30 مارچ (یو این آئی) وزیر اعظم نے اتوار کو کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) ہندوستان کی لافانی ثقافت کا جدید برگد کا درخت ہے اور یہ قومی شعور کو مسلسل تقویت دے رہا ہے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ مشکل ترین وقت میں بھی ہندوستان کے ضمیر کو بیدار رکھنے کے لیے نئی سماجی تحریکیں چل رہی ہیں۔ مسٹر مودی ناگپور میں مادھو نیترالیہ کی نئی عمارت (پریمیئر سینٹر) کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے منعقد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ناگپور کے اپنے دورے کے دوران مسٹر مودی نے آر ایس ایس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور تنظیم کے بانی ڈاکٹر کیشو بلیرام ہیڈگیوار اور آر ایس ایس کے سابق سرسنگھ چالک آنجہانی مادھو سداشیو گولوارکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر مودی نے یہاں دیکشا بھومی کا بھی دورہ کیا اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر مودی کے ناگپور دورے کے دوران وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور مرکزی وزیر نتن گڈکری اور دیگر معززین بھی ان کے ساتھ تھے۔وزیر اعظم نے مادھو نیترالیا پروگرام میں کہاکہ “راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ہندوستان کی لافانی ثقافت کا جدیدبرگد کا درخت ہے۔ یہ برگد کا درخت مسلسل ہندوستانی ثقافت کوہماری قوم کے شعور کو تقویت دے رہا ہے۔”انہوں نے ہندوستان میں وقتاً فوقتاً شعور بیدار کرنے کی تحریکوں کے تناظر میں قرون وسطیٰ کی بھکتی تحریک کی مثال دی اور کہا کہ ’’قرون وسطیٰ کے اس مشکل دور میں ہمارے سنتوں نے بھکتی کے نظریات سے ہمارے قومی شعور کو نئی بلندیاں دیں۔