نئی دہلی17مئی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت نے ‘آپریشن سندورکے آغاز پر ہی پاکستان کو اس فوجی کارروائی کے بارے میں مطلع کر دیا، جو ایک سنگین جرم ہے۔ انہوں نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ایک ویڈیو بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس پر دعویٰ کیا کہ حکومت نے خود تسلیم کیا ہے کہ فضائی حملے کے آغاز میں پاکستان کو اطلاع دی گئی تھی۔ راہل گاندھی نے سوال اٹھایا، ’’ایسا کرنے کی منظوری کس نے دی؟ اس کے نتیجے میں ہماری فضائیہ نے کتنے طیارے کھوئے؟‘‘ کانگریس پارٹی نے بھی اس بیان کو لے کر حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ پارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا، ’’مودی حکومت نے دہشت گرد ٹھکانوں پر حملہ کرنے سے پہلے پاکستان کو اطلاع دی۔ یہ خود وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے قبول کیا ہے۔ یہ حکومت کا اقرارنامہ ہماری فوجی سلامتی کے ساتھ سنگین لاپرواہی کا ثبوت ہے۔ یہ ایک مجرمانہ حرکت ہے۔ سوال یہ ہے کہ اتنی حساس اور خفیہ معلومات پاکستان کو کیوں دی گئیں؟ اس فیصلے کی منظوری کس نے دی؟ کیا اس کے نتیجے میں ہمیں جانی یا فوجی نقصان اٹھانا پڑا؟