نئی دہلی، 29 اگست (آئی این ایس) وزیر اعظم نریندر مودی اور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے جمعہ کو کھیلوں کے قومی دن کے موقع پر میجر دھیان چند کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کے کھیلوں کے قومی دن کے موقع پر ملک کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ کھیلوں کا قومی دن ہر سال 29 اگست کو ہاکی کے مایہ ناز کھلاڑی میجر دھیان چند کے اعزاز میں منایا جاتا ہے۔ ہندوستان کے بڑھتے ہوئے کھیلوں کے منظرنامےپر روشنی ڈالتےہوئے، وزیر اعظم نے کھیلوں اور فٹنس کے کلچر کو فروغ دینے، کھلاڑیوں کے لیے ادارہ جاتی حمایت مضبوط کرنےاور ملک بھر میں جدید تربیتی اور مقابلہ جاتی سہولیات کے مواقع بڑھانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا ’’کھیلوں کے قومی دن کی مبارکباد! اس خاص موقع پر، ہم میجر دھیان چند جی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کی مہارت نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔
گزشتہ دہائی میں، ہندوستان کے کھیلوں کے منظر نامے میں قابل ذکر تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے والے زمینی سطح کے پروگراموں سے لے کر عالمی معیار کی سہولیات کی تخلیق تک، ہم اپنے ملک میں کھیلوں کے ایک متحرک ایکو سسٹم کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ ہماری حکومت کھلاڑیوں کی حمایت، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور ہندوستان کو کھیلوں کی مہارت کا عالمی مرکز بنانے کے تئیں پرعزم ہے۔‘‘کھیلوں کے مرکزی وزیر مانڈویہ نے میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلوں کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں ہاکی کے جادوگر میجر دھیان چند کے یوم پیدائش کے موقع پر ان کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کئے۔ اس دوران ڈاکٹر مانڈویہ نے دوڑ لگائی، فٹ بال کھیلی اور رسہ کشی وغیرہ جیسے مقابلوں میں حصہ لیا۔ڈاکٹر مانڈویہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ’’ہاکی کے عظیم کھلاڑی میجر دھیان چند جی کو ان کے یوم پیدائش پر دل کی گہرائیوں سے نمن اور کھیلوں کے قومی دن 2025 پر تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے نیک خواہشات۔ ہندوستان میں کھیلوں کی روایت صدیوں سے موجود ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، ہندوستان آج کھیلوں کے میدان کو مزید سپر پاور بنانے کی جانب گامزن ہے۔‘‘









