لاہور، 30 دسمبر(یو این آئی ) آسٹریلیائی فاسٹ بالر مچل اسٹارک نے سابق پاکستانی کپتان وقار یونس کا 32 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ 35 سالہ مچل اسٹارک نے رواں سال 11 ٹیسٹ میچز میں 17.32 کی شاندار اوسط اور 28.3 کے بہترین اسٹرائیک ریٹ سے 55 شکار کیے جو ایک کیلنڈر ایئر میں کم از کم 50 وکٹیں لینے والے بالرز کی فہرست میں سب سے بہترین اسٹرائیک ریٹ ہے ۔اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ بالر وقار یونس نے 1993ء میں محض 7 میچز میں 15.23 کی اوسط اور 29.5 کے اسٹرائیک ریٹ سے 55 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
ہندوستانی فاسٹ بالر جسپریت بمراہ 2024ء میں 13 میچز میں 14.92 کی اوسط اور 30.1 کے اسٹرائیک ریٹ سے 71 شکار کرکے اس لسٹ میں تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
انگلش فاسٹ بالر گس ایٹکنسن 2024ء میں 11 میچز میں 22.15 کی اوسط اور 35.6 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 52 وکٹیں لیکر اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ سابق جنوبی افریقی اسپیڈ اسٹار ڈیل اسٹین 2008ء میں 13 میچز میں 20.01 کی اوسط اور 35.8 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 74 شکار کرکے اس لسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ سابق برطانوی پیسر سڈنی بارنز 1912ء میں 9 میچز میں 14.14 کی اوسط اور 36 کے سٹرائیک ریٹ سے 61 شکار کرکے اس لسٹ میں چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔