ترواننت پورم، 23 اگست (یو این آئی) ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن (اے ایف اے) نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ لیونل میسی اور ارجنٹینا کی قومی فٹبال ٹیم 10 تا 18 نومبر 2025 کے درمیان کیرالہ میں ایک نمائشی میچ کھیلیں گے۔ یہ میچ ترواننت پورم کے گرین فیلڈ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ، جو ریاست کے لیے ایک تاریخی کھیلوں کا موقع ثابت ہوگا۔ اس تقریب کا اہتمام کیرالہ حکومت رپورٹر براڈ کاسٹنگ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے کر رہی ہے ۔ اس تصدیق سے مہینوں کی قیاس آرائیوں کا بھی خاتمہ ہو گیا ہے کہ شیڈولنگ کے تنازعات کی وجہ سے دورہ منسوخ کیا جا سکتا ہے ۔ارجنٹینا ٹیم کے دورے کا پہلا اعلان ستمبر 2024 میں کیرالہ کے کھیلوں کے وزیر وی عبد الرحمان نے کیا تھا۔ایونٹ کو ممکن بنانے کے لیے کیرالہ حکومت نے باضابطہ طور پر ٹیم کو مدعو کیا اور اخراجات پورے کرنے کے لیے کارپوریٹ اسپانسرشپ حاصل کی۔ میسی اور ان کے ساتھی کھلاڑی وینیزویلا (5 ستمبر 2025) اور ایکواڈور (10 ستمبر 2025) کے خلاف بین الاقوامی میچز مکمل کرنے کے بعد کیرالہ پہنچیں گے۔
تریواننت پورم کا یہ میچ 2026 فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ بھی ہوگا۔ اس تصدیق کے بعد کیرالہ کی پرجوش فٹبال کمیونٹی میں زبردست جوش و خروش دیکھنے کو مل رہا ہے، جو ورلڈ کپ چیمپئنز کا استقبال کرنے اور لیونل میسی کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہے۔









