بھوپال، 17 دسمبر : مدھیہ پردیش اسمبلی کے ایک روزہ خصوصی اجلاس کے دوران بدھ کو کانگریس قانون ساز پارٹی نے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کا نام تبدیل کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف اسمبلی احاطے میں زبردست احتجاج کیا۔ لیڈر حزب اختلاف امنگ سنگھار کی قیادت میں کانگریسی اراکین اسمبلی نے مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے نعرے بازی کی اور حکومت کے اس قدم کی سخت مخالفت کی۔اس موقع پر امنگ سنگھار نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نام بدلنے کی سیاست کر کے عوام کے اصل مسائل جیسے روزگار، مہنگائی، کسانوں اور مزدوروں کی پریشانیوں سے توجہ ہٹانے کا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منریگا محض ایک اسکیم نہیں بلکہ دیہی غریبوں اور مزدوروں کے لیے زندگی کی ضمانت ہے، جسے گاندھی جی کے نام سے جوڑ کر سماجی انصاف اور خودداری کی علامت بنایا گیا تھا۔ سنگھار نے تیکھا سوال کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی گاندھی جی کا نام بدل رہی ہے، کیا بی جے پی کو باپو سے ڈر لگتا ہے یا پھر وہ ان کا احترام نہیں کرتی؟ انہوں نے واضح کیا کہ گاندھی جی کا نام ہٹانا ان کے افکار اور آئین کی اقدار پر براہ راست حملہ ہے اور کانگریس گاندھی جی کے نام اور نظریات سے جڑی کسی بھی علامت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ برداشت نہیں کرے گی۔
نقلی پولیس بن کر لوٹنے والا بین الریاستی ’ایرانی گینگ‘ بے نقاب
کھنڈوا، 17 دسمبر : مدھیہ پردیش کے ضلع کھنڈوا کی پدم نگر پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے نقلی پولیس بن کر لوٹ مار کرنے والے بین الریاستی گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس ’ایرانی گینگ‘ کے دو اہم ارکان کو گرفتار کر لیا ہے، جو نہ صرف مدھیہ پردیش بلکہ دیگر ریاستوں میں بھی وارداتیں انجام دیتے تھے۔یہ کارروائی 12 نومبر کو ہونے والی ایک واردات کے بعد عمل میں آئی، جب کاویری اسٹیٹ کے رہائشی 65 سالہ حشمت رائے گروانی نے رپورٹ درج کرائی کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے خود کو پولیس اہلکار بتا کر انہیں روکا۔
ملزمان نے جھانسہ دیا کہ قریب ہی لوٹ کی واردات ہوئی ہے، لہٰذا حفاظت کی خاطر وہ اپنی سونے کی چین اور انگوٹھیاں اتار لیں۔ مزاحمت کرنے پر ملزمان بزرگ شہری پر حملہ کر کے زیورات لے کر فرار ہو گئے۔
ایس پی منوج کمار رائے کی ہدایت پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے شہر اور راستوں پر لگے 500 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کنگھالی، جس سے تین مشتبہ افراد کی شناخت ہوئی۔ مخبروں کی اطلاع پر پتہ چلا کہ ان کا تعلق نرمداپورم کے ایرانی گینگ سے ہے۔ پولیس نے نرمداپورم میں چھاپہ مار کر دو ملزمان گٹرا عرف اپا حسین (25 سال) اور قاسم (30 سال، اصل رہائشی ممبئی) کو گرفتار کر لیا۔
پوچھ گچھ میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے ساتھی اقبال حسین کے ساتھ مل کر وارداتیں کرتے تھے۔ وہ بزرگوں یا اکیلے راہگیروں کو روک کر خود کو پولیس والا بتاتے اور کسی فرضی کرائم کا حوالہ دے کر زیورات اتروا لیتے اور پھر فرار ہو جاتے تھے۔ ملزمان نے مہاراشٹر کے ناگپور، امراوتی اور مدھیہ پردیش کے سیہور (شاہ گنج) میں بھی ایسی ہی وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل ضبط کر لی ہے اور لوٹے گئے مال اور دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔