دبئی، 29 جولائی (یو این آئی) ہندوستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں مجموعی 160 رنز بنانے والی انگلینڈ کی کپتان نٹ سیور برنٹ خواتین کی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ایک بار پھر ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔ جس کی وجہ سے ہندوستان کی نائب کپتان اسمرتی مندھانا کو ایک مقام کا نقصان ہوا ہے اور اب وہ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر کھسک گئی ہیں۔تاہم ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور اور مڈل آرڈر بلے باز جمیما روڈریگس کو فائدہ ہوا ہے۔ ہرمن پریت 10 مقام کے فائدہ کے ساتھ 11 ویں مقام پر پہنچ گئی ہیں ، جب کہ روڈریگس دو پوزیشن کی چھلانگ لگا کر 13 ویں نمبر پر ہیں۔ہرمن پریت نے آخری میچ میں سنچری کے ساتھ ون ڈے سیریز کے دوران تین اننگز میں مجموعی طور پر 126 رنز بنائے جبکہ روڈریگس نے تین اننگز میں نصف سنچری کے ساتھ 101 رنز بنائے۔ مندھانا نے سیریز میں تین اننگز میں 38.33 کی اوسط سے 115 رنز بنائے ہیں ۔ تاہم انگلینڈ کے دورے کا آغاز سنچری کے ساتھ کرنے والی مندھانا اس سیریز میں ایک بھی نصف سنچری اسکور نہ کر سکیں اور ون ڈے سیریز میں ان کا بہترین اسکور 45 رنز رہا۔سیور برنٹ نے ہندوستان کے خلاف آخری ون ڈے میں 98 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سیور برنٹ پہلی بار جولائی 2023 میں ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پر تھیں اور تب سے وہ مسلسل ٹاپ فائیو میں موجود ہیں۔