بھوپال :15؍مارچ:(پریس ریلیز) جمعیت علماء ہند کے قومی صدر حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی کی زیر سرپرستی اس وقت پورے ملک میں جمعیتہ علماء کی ممبر سازی مہم جاری و ساری ہے، اسی مہم کو شانہ بشانہ مزید تقویت دیتے ہوئےجمعیتہ علماء ضلع بھوپال بھی جمعیتہ علماء مدھیہ پردیش کے صدر حاجی محمد ہارون کی زیر سرپرستی پوری تندہی و فعالیت کے ساتھ سر گرم عمل ہے، جمعیتہ علماء ضلع بھوپال کے صدر حافظ محمد اسمعیل بیگ نے بتایا کہ الحمد للہ جمعیتہ علماء ضلع بھوپال کی پوری ٹیم کمر بستہ ہو کر ہر ممکن طریقہ سے زمینی سطح پر محلوں اور بستیوں، وارڈوں اور تحصیلوں اور گاؤں گاؤں ایک ایک گھر پہنچ کر اور اسی طرح بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر کیمپ لگا کر ماہ رمضان میں بھی اس عظیم مہم کو پوری جانفشانی سے انجام دے رہی ہے،اسی سلسلہ میں آج بتاریخ 14 مارچ 2025 بروز جمعہ جمعیتہ علماء ضلع بھوپال کے دفتر جامعہ حفظ القرآن چندن نگر بھانپور بھوپال کی مسجد کے باہر بعد نماز جمعہ اسٹال لگا کر ممبر سازی کی گئی،جس میں کثیر تعداد میں عوام نے پر جوش ہو کر اپنی اور اپنے اہل خانہ کی ہندوستان کی سب سے بڑی اور قدیمی تنظیم جمعیتہ علماء ہند کی ممبر سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ممبر شپ رسیدیں بنوائیں، اور مزید عزم ہے کہ اس پورے ماہ مبارک میں بھی اور اسکے بعد بھی جمعیتہ علماء ہند کو زمینی سطح سے مضبوط کرنے کے لئے ممبر سازی مہم کو اسی طریقہ سے پورے ضلع میں انجام دیا جائیگا ان شاء اللہ، اس موقعہ پر جمعیتہ علماء ضلع بھوپال وارڈ 73 اور 74 بھانپور کی پوری ٹیم موجود تھی۔