ننگبو، 14 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان کی میگھنا سجنار نے آٹھ سال میں اپنا پہلا عالمی فائنل کھیلتے ہوئے خواتین کی 10 میٹر ایئر رائفل میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ یہ ان کا پہلا ورلڈ کپ میڈل ہے۔ اس تمغے کے ساتھ ہندوستان نے ننگبو، چین میں سیزن اینڈنگ انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹ فیڈریشن ( آئی ایس ایس ایف) رائفل/پستول ورلڈ کپ میں ایک طلائی اور ایک کانسی کے تمغے کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کیا۔فائنل میں میگھنا نے 230.0 کا اسکور کیا جبکہ ناروے کی تجربہ کار جینٹ ہیگ ڈیوسٹاد نے چاندی اور پینگ نے 255.3 کے اسکور کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔ یہ اسکور ان کی ساتھی ساتھی وانگ زیفی کے 254.8 کے سابق عالمی ریکارڈ سے بہتر تھا۔ ہفتہ کو ایشا سنگھ نے خواتین کی 10 میٹر ایئر پسٹل میں سونے کا تمغہ جیت کر ہندوستان کو ننگبو ورلڈ کپ کا پہلا تمغہ دلایا تھا۔ گھریلو درجہ بندی میں چوتھے سے چھٹے نمبر پر آنے والے کھلاڑیوں پر مشتمل ہندوستانی ٹیم نے عالمی سطح کے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ میڈل ٹیبل میں چین تین طلائی تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ناروے دو طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اتوار کی صبح دوسرے کوالیفکیشن راؤنڈ میں شوٹنگ کرتے ہوئے میگھنا نے 632.7 کا مضبوط اسکور بنا کر ساتواں مقام حاصل کیا۔ پینگ 637.4 کے شاندار اسکور کے ساتھ سرفہرست رہیں۔ چینی کھلاڑی نے آخری 24 شاٹ سیریز کا آغاز بہترین 10.9 کے ساتھ کیا۔ پہلی پانچ شاٹس کی سیریز کے بعد میگھنا آٹھ خواتین کھلاڑیوں میں سب سے نیچے تھیں۔









