نئی دہلی، 12 ستمبر: ہندوستان میں جاری برکس اجلاس کی گونج پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے، لیکن اس سے پہلے ہی ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے کئی ممالک کے سربراہان سے ملاقات کر کچھ اہم پیش رفت کا اشارہ دیا ہے۔ 12 ستمبر کو برکس اجلاس میں شرکت کے لیے ’بھارت منڈپم‘ پہنچنے سے پہلے پی ایم مودی ابوظبی، ملیشیا اور ایتھوپیا کے سربراہان سے بامعنی ملاقات کی ہے، جس کے متعلق میڈیا میں خوش آئند خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایم مودی نے آج برکس اعلیٰ سطحی اجلاس سے قبل ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی۔ دونوں لیڈران نے ہندوستان-یو اے ای وسیع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا جو سیاسی، ثقافتی، تجارتی، توانائی اور رابطہ عامہ کے رشتوں پر مبنی ہے۔ اس میٹنگ کے دوران پی ایم مودی نے ہندوستان کی صدارت میں برکس میں یو اے ای کی فعالیت و تعمیری شراکت داری کی تعریف بھی کی۔ دونوں لیڈران نے برکس کے ذریعہ مشترکہ مفادات اور ترجیحات کو آگے بڑھانے پر اتفاق رائے ظاہر کیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق اس میٹنگ میں دو فریقی تعلقات میں ہوئی پیش رفت کا بھی تجزیہ ہوا۔ خاص طور سے یو اے ای کی انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی کے ذریعہ اڈیشہ میں 11.5 ارب ڈالر کے انٹگریٹیڈ گرین فیلڈ الیومینیم پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کے اعلان کا استقبال کیا گیا۔ اسے ہندوستان کی سب سے بڑی انٹگریٹیڈ ایلیومینیم سرمایہ کاری بتایا گیا ہے، جس سے اڈیشہ کو عالمی ایلیومینیم مینوفیکچرنگ سنٹر بنانے میں مدد ملے گی۔ پی ایم مودی اور شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان نے دفاعی، خلائی، جوہری توانائی، تکنیکی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔