لندن 6 اکتوبر(یو این آئی ) انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو تجویز دی ہے کہ آئندہ عالمی مقابلوں میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچز شیڈول نہ کیے جائیں۔ 57 سالہ مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ انہوں نے یہ تجویز ایشیا کپ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال کو دیکھ کر دی ہے کہ آئی سی سی کو ایونٹس کے دوران ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلوں کا انتظام نہیں کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹس میں ہندوستان اور پاکستان مقابلے شیڈول کرنے کی وجہ معاشی اور سفارتی ہوسکتی ہے مگر وقت آ گیا ہے کہ اب دونوں ممالک کے تعلقات میں کمی آنے کی وجہ سے یہ تاثر ختم ہونا چاہئے۔ سابق کپتان نے تسلیم کیا کہ آئی سی سی ایونٹ میں اس مقابلے کا مالی طورپر بڑا اثر ہے اور اس مقابلے کی وجہ سے ہی شاید ایک اندازے کے مطابق موجودہ سرکل میں براڈ کاسٹ رائٹس 3 ارب ڈالرز کے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مقابلہ بارڈر ٹینشن کے لیے پراکسی بن گیا ہے، پہلے کرکٹ کو ڈپلومیسی کے پہیے کے طور لیا جاتا تھا لیکن اب یہ واضح طور پر کشیدگی اور پراپیگنڈا کے لیے پراکسی ہے۔
مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے میچز کا ایونٹس میں انتظام کرنے کا بہت چھوٹا جواز ہے اور یہ جواز ہمیشہ مالی طور پر بیان کیا گیا، آئندہ سرکل میں ڈراز ٹرانسپیرنٹ ہونے چاہئیے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر میچز کھیل کے فروغ کے بجائے تنازعات بڑھانے کا باعث بنیں تو بہتر ہے کہ انہیں عالمی ایونٹس کے شیڈول سے خارج کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ ہند ۔پاک میچز دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے مقابلوں میں شمار ہوتے ہیں تاہم حالیہ ایشیا کپ میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف کشیدہ صورتحال دیکھنے میں آئی۔