بھوپال:10جنوری:ریاست میں 12جنوری سوامی وویکانند کے یوم پیدائش یووا دیوس کے موقع پر اجتماعی سوریہ نمسکار منعقد ہوگا۔ اسی دن ریاست کے اسکولوں ، کالجوں ، آشرم شالائوں اور گرام پنچایتوں میں سوامی وویکانند پر مرکوز ترغیبی تعلیمی اور ثقافتی پروگرام منعقد ہوںگے۔ ان پروگراموں میں رضاکار تنظیموں کی مدد سے زیادہ سے زیادہ عوامی شراکت کو یقینی کیاجائیگا۔ اس سلسلہ میں محکمہ اسکولی تعلیم نے ضلع کلکٹرس کو سمت ہدایت جاری کی ہیں۔
اجتماعی سوریہ نمسکار 12جنوری کو صبح9بجے سے 10.30بجے تک ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی پروگرام میں قومی گیت وندوے ماترم اور مدھیہ پردیش گان کا اجتماعی گائن ہوگا۔ ریڈیو کے توسط سے وزیراعلیٰ کے پیغام کی نشریات اور سوریہ نمسکار نیز پرانائم پروگرام ہوگا۔ ہدایت میں کہاگیا ہے کہ سوریہ نمسکار کے پروگرام میں پہلی کلاس سے5تک کے بچوں کو شامل نہ کیاجائے ۔ اجتماعی سوریہ نمسکار پروگرام میں اسکولی تعلیم کے ساتھ اعلیٰ تعلیم ، قبائلی امور، پنچایت اور دیہی ترقیات ، شہری ترقی، جنگلات ، کھیل اور نوجوان بہبود، امداد باہمی ، تکنیکی تعلیم ، صحت عامہ اور خاندانی بہبود کی شراکت بھی یقینی کی جائے۔ محکمہ اسکولی تعلیم نے اپنے سرکیولر کے ذریعہ سوریہ نمسکار کیلئے 12مدرائوں کی جانکاری بھی بھیجی ہے۔