کیپ ٹاؤن، 4 اپریل (یواین آئی) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے مدنظر جنوبی افریقہ نے سری لنکا میں ہونے والے آئندہ ون ڈے میچوں کے لیے ماریزان کاپ کو آرام دیا ہے۔جنوبی افریقہ نے اس ماہ کے آخر میں سری لنکا اورہندوستان کے خلاف ہونے والی سہ رخی سیریز سے پہلے ٹریننگ کیمپ کے لیے جمعہ کو 20 رکنی ویمنز ٹیم کا اعلان کیا۔ 6 سے 14 اپریل تک ہونے والے ایک ہفتے کے ٹریننگ کیمپ میں تین انکیپڈ کھلاڑیوں وکٹ کیپر بلے باز کرابو میسو، آل راؤنڈر میان اسمتھ اور اسپنر سیشنی نائڈوشامل ہوں گے۔ اس دوران، تجربہ کار آل راؤنڈر ماریزان کاپ ٹریننگ کیمپ کے ساتھ ساتھ سری لنکا میں ہونے والی آئندہ سہ رخی سیریز سے بھی باہر رہیں گی۔ جنوبی افریقہ کو مسلسل آئی سی سی ٹورنامنٹس کے فائنل (2023 اور 2024 ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ) تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرنے والی کاپ کو اگلے دوروں اور اس سال کے آخر میں ہندوستان میں ہونے والے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے آرام دیا گیا ہے۔ خواتین ٹیم کی ہیڈ کوچ منڈلا ماشمبی نے ٹریننگ کیمپ کے مقاصد کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ سی ایس اے نے ان کے حوالے سے کہا، “ہم وکٹ کے درمیان دوڑنے، روٹیشنل گیم کھیلنے پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کریں گے، جس سے بیداری بڑھانے میں مدد ملے گی۔” ماشینبی نے کہا، “میں نئے کھلاڑیوں کو ہمارے ماحول میں دیکھنے کے لیے پرجوش ہوں، اور مجھے پورا یقین ہے کہ ٹیم کے باقی ارکان ان کا خیال رکھیں گے اور انہیں یہ محسوس کرائیں گے کہ وہ یہاں اس لیے ہیں کیونکہ یہ پروٹیز ویمنز کرکٹ کا مستقبل ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ ہم انہیں پہلے گھر جیسا محسوس کرائیں۔