بھوپال:24؍جون:مدھیہ پردیش پولیس کی جانب سے ریاست میں غیر قانونی منشیات کے کاروبار کے خلاف مسلسل مؤثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں مندسور پولیس نے مصنوعی منشیات کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر چلائی جانے والی ایم ڈی (MD) ڈرگ بنانے والی فیکٹری کا پردہ فاش کیا ہے۔ کارروائی کے دوران پولیس نے موقع سے 13 کلو 850 گرام ایم ڈی (MD) ڈرگ، 09 کلو 109 گرام کیمیائی مادہ (کیمیکل) اور منشیات بنانے میں استعمال ہونے والے آلات ضبط کر کے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ گاؤں باج کھیڑی میں واقع ایک کھیت میں بنے پکے مکان پر چھاپہ مار کر غیر قانونی منشیات بنانے والی فیکٹری کا انکشاف کیا۔ابتدائی پوچھ گچھ میں حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر مصنوعی منشیات کی تیاری، ترسیل اور اسمگلنگ سے جڑے دیگر افراد اور نیٹ ورک کی معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ پولیس اس غیر قانونی کاروبار سے جڑے پورے نیٹ ورک کی گہری جانچ کر رہی ہے۔مدھیہ پردیش پولیس ریاست کو نشے سے پاک بنانے کے لیے پرعزم ہے اور منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور مسلسل کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔









