کولکاتا، 13 ستمبر: مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نندی گرام اور ریجی نگر اسمبلی حلقوں میں 6 اکتوبر کو ہونے والا ضمنی انتخاب نہیں لڑیں گی، جس کے باعث پندرہ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ وہ اسمبلی سے باہر ہیں۔ نندی گرام سے سنچیتا پردھان اور ریجی نگر سے ربیع العالم چودھری کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ نندی گرام کی نشست موجودہ وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری کے استعفے اور ریجی نگر کی نشست ہمایوں کبیر کے استعفے سے خالی ہوئی تھی۔ دوسری جانب، اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد ٹی ایم سی پارٹی کے نام، فنڈز اور انتخابی نشان کو لے کر ممتا بنرجی اور رت برت بنرجی کے دھڑوں کے درمیان شدید اندرونی و تنظیمی تنازعہ کی زد میں ہے جس کا معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس زیرِ غور ہے۔
٭نئی دہلی: دہلی کے باہری شمالی علاقے بھلسوا ڈیری میں ٹرک ڈرائیوروں کے مبینہ تشدد کا شکار ہونے کے چند روز بعد ایک شخص کی دہلی کے ایک اسپتال میں موت ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیوروں کو شبہ تھا کہ وہ گاڑیوں سے کیبل اور دیگر سامان چوری کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔پولیس کے مطابق کالندر کالونی کے رہائشی رام کمار کو 29 اگست کی شام چار دیگر افراد کے ساتھ اس وقت ٹرک ڈرائیوروں نے پکڑ لیا تھا جب وہ مبینہ طور پر کھڑے ٹرکوں سے کیبل اور دیگر اشیا چوری کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔









