بھوپال:2؍فروری:وزیر امداد باہمی مسٹر وشواس کیلاش سارنگ نے پیر کو منترالیہ میںمرکزی بجٹ سال2026-27کے تناظر میں سینئر افسران کی جائزہ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں وزیر مسٹرسارنگ نے مرکزی بجٹ میںمحکمہ امداد باہمی کے لیے منظور شدہ گنجائشات کے موثر اور بروقت نفاذ کے لیے ضروری سمت ہدایات دیں۔ وزیر مسٹرسارنگ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ بجٹ میں منظور شدہ اسکیموں اور پروگراموں کے مطابق نتیجہ پر مبنی ایکشن پلان کی تیاری میں تیزی لائیں اور مقررہ مدت کے اندر مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی منشاء کے مطابق امداد باہمی شعبہ کو مضبوط کرنا اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ میٹنگ میں پرنسپل سکریٹری امداد باہمی مسٹر ڈی پی آہوجا، سیڈ فیڈریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹرمہیندردکشت، ایپکس بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹرمنوج گپتااور دیگر سینئر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر مسٹرسارنگ نے بھارت وستار (AI پر مبنی) پلیٹ فارم کی وسیع تشہیر پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، سرکاری اسکیموں، موسم کی پیشن گوئی اور سائنسی زرعی مشوروں سے جوڑ سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دیہی سطح پر کسانوں کو اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے استعمال کیلئے بیدار کیا جائے تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر فصل کی پیداوار اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کر سکیں۔
وزیر مسٹر سارنگ نے پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ کوآپریٹیو سوسائٹی (PACS) کو مزید بااختیار اور مفید بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پیکس کے توسط سے جانوروں کی خوراک اور دیگر ضروری زرعی نیزمویشی پروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کسانوں اور مویشی پروروں کو مقامی سطح پر سہولیات میسر آئیں گی اوران کا انحصار دیگر ذرائع پر ان کا کم ہو گا۔
وزیر مسٹرسارنگ نے محکمہ امداد باہمی کے افسران کو کلسٹر پر مبنی ترقی( Cluster Based Development) ماڈل کو ترجیح دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس ماڈل سے امداد باہمی اداروں کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا، وسائل کا صحیح استعمال ممکن ہوگا اور کسانوں کی آمدنی میں مسلسل اضافہ یقینی کیا جا سکے گا۔
کیا ہے بھارت وستار(VISTAAR )پلیٹ فارم
بھارت وستار پلیٹ فارم کا پورا نام Virtually Integrated System to access Agricultural Resources (VISTAAR) ہے۔ یہ ایک AI پر مبنی جدید زرعی مشاورتی نظام ہے جو کسانوں کو درست اور مفید سفارشات فراہم کرنے کے لیے فصلوں کے نمونوں، مٹی کے حالات، موسمی رجحانات اور دیگر زرعی ڈیٹا کا تجزیہ کرتا ہے۔
یہ پلیٹ فارم کسان کال سینٹر خدمات سے بھی جڑ ا ہوگا ، جس سے کسان براہ راست سوالات پوچھ سکیںگے اور فوری حل حاصل کر سکیںگے ۔ اس کے علاوہ ریئل ٹائم موسم کی پیشن گوئی API کے ذریعہ کسانوں کو بروقت معلومات فراہم کی جائیں گی۔