مہوبہ25ستمبر: اتر پردیش کے ضلع مہوبہ کے کبرئی علاقے میں کھاد تقسیم میں بدعنوانی کے خلاف کسانوں نے نیشنل ہائی وے پر احتجاج کیا، جس کے دوران پولیس نے لاٹھی چارج کیا، اور پانچ کسان زخمی ہو گئے۔ ضلع کی مختلف کسان تنظیموں نے واقعہ کی شدید مخالفت کی ہے اور کھاد کے لیے ضلع بھر میں بڑی تحریک چلانے کی دھمکی دی ہے۔ واقعہ کبرئی کی کوآپریٹیو سوسائٹی نمبر 2 میں صبح کھاد تقسیم کے دوران پیش آیا، جہاں کسانوں نے اپنے جاننے والوں کو ترجیح دیے جانے اور ٹوکن تقسیم میں دھوکہ دہی پر اعتراض کیا۔ احتجاج کرنے والی بھیڑ نے نعرے بازی کرتے ہوئے ہنگامہ کیا اور کانپور-ساگر نیشنل ہائی وے پر جام لگا دیا۔ کسانوں کا مطالبہ تھا کہ سبھی کو کھاد بروقت دستیاب کرائی جائے۔ الزام تھا کہ سکیورٹی میں تعینات پولیس اہلکار بھی ٹوکن دینے کے لیے رشوت وصول کر رہے تھے۔ گھر کی خواتین اور بچوں کے ساتھ سڑک پر کسانوں کے احتجاج سے نیشنل ہائی وے پر آمدورفت متاثر ہوئی۔ ڈپٹی ایس پی اے کے سنگھ نے بتایا کہ بھیڑ میں شرپسند عناصر نے ہنگامہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رکھا، جس سے حالات بگڑنے لگے۔ پولیس نے ابتدا میں کسانوں کو سمجھا کر احتجاج ختم کرنے کی کوشش کی لیکن عدم تعاون پر آخر کار لاٹھی چارج کرنا پڑا اور سڑک دوبارہ کھلوائی گئی۔
امروہہ میں تین شاطر چور گرفتار
امروہہ:25 ستمبر(یو این آئی) اترپردیش کی امروہہ پولیس نے نیشنل ہائی وے اور اسٹیٹ ہائی وے پر کھڑے ٹرکوں سے سامان اور موبائل فون چوری کرنے والے ایک شاطر گینگ کا انکشاف کرتے ہوئے تین بدمعاشوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق، گرفتار ملزمان سے آٹھ قیمتی موبائل فون اور ایک چوری کی گئی بُلیٹ موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔