بھوپال 28ستمبر: وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ مہاکوشَل اور جبل پور خطے کی جامع ترقی کے لیے ریاستی حکومت پُرعزم ہے۔ سنسکار دھانی جبل پور پر ماں نرمدا کا خصوصی آشیرواد ہے، جو آبی، زمینی اور زیرِ زمین قدرتی وسائل سے مالامال ہے۔ ہماری حکومت نے مہاکوشَل خطے کو ٹیکنیکل یونیورسٹی اور جدید چڑیا گھر و ریسکیو سینٹر کا تحفہ دیا ہے۔ ریاستی حکومت جبل پور سمیت منڈلا، ڈنڈوری، بالاگھاٹ، سیونی، کٹنی، پانڈھورنا، چھندواڑہ اور نرسنگھ پور میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے۔ تقریباً 25 نئی پالیسیوں کے ذریعے صنعت کاروں کو متعدد سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس خطے کے صنعت کاروں کے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے حکومت انہیں پرواز کے لیے پر دے گی۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ کے سمواد ککش میں مہاکوشَل چیمبر آف کامرس اور جبل پور ویاپاری سنگھ کے نمائندوں سے خطے کی ترقی کے سلسلے میں گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کا تاجر برادری کے نمائندوں نے خطے کی ترقی کے لیے عوامی مفاد میں کیے گئے فیصلوں اور ریاست میں ویاپاری کلیان بورڈ تشکیل دینے کی پہل کے لیے خیرمقدم کیا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مہاکوشَل میں صنعت اور تجارت کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ جبل پور میں صنعتی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ جلد ہی خصوصی سمپوزیم منعقد کیا جائے گا۔ اس کا فائدہ گلوبل انویسٹرس سمٹ-2027 سے پہلے جبل پور خطے کو مکمل طور پر حاصل ہو سکے گا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ جس طرح گوالیار میں ٹیلی کام مینوفیکچرنگ زون (ٹی ایم زیڈ) تیار کیا جا رہا ہے، اسی طرح آئی ٹی اور مائننگ سیکٹر میں جبل پور کو بھی مواقع ملنے چاہئیں۔ ریاست میں صنعتی سرگرمیوں کو رفتار دینے کے لیے اندور-بھوپال-جبل پور کو خصوصی صنعتی کوریڈور سے جوڑا جائے گا۔ اسے گرین فیلڈ کوریڈور کے طور پر تیار کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کی رہائش گاہ پر ہوئی گفتگو میں صنعت کاروں اور تاجروں نے سیمی کنڈکٹر شعبے، میڈیکل یونیورسٹی، مائننگ سیکٹر، لاجسٹکس، ہوٹل انڈسٹری، سیاحت، آٹوموبائل، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تعلیم، بین الاقوامی اسٹیڈیم سمیت اہم شعبوں میں ترقی کے امکانات بیان کرتے ہوئے اپنے خیالات پیش کیے۔وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے تاجر تنظیموں کے نمائندوں کو بتایا کہ ہماری حکومت بھوپال اور اندور کو میٹروپولیٹن سٹی کے طور پر ترقی دے رہی ہے۔ اب جبل پور کو بھی میٹروپولیٹن سٹی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جبل پور کے ماسٹر پلان کے لیے تاجر برادری اپنی تجاویز دے۔ ریاستی حکومت انہیں ماسٹر پلان کے ڈرافٹ میں شامل کرے گی۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے تاجر سنگھ کی جانب سے مہاکوشَل میں لاجسٹک ہب تیار کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ کٹنی ضلع میں مائننگ سیکٹر کی ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں۔ اس لیے لاجسٹک ہب کٹنی میں بنانے سے کاروباری سرگرمیوں کو زیادہ فائدہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہاکوشَل خطے میں واقع کانہا نیشنل پارک ٹائیگر سفاری کے لیے پوری دنیا میں مشہور ہے۔ یہاں سیاحوں کے لیے تمام سہولتیں تیار کرنے کے ساتھ جبل پور شہر میں جدید چڑیا گھر و ریسکیو سینٹر تیار کیا جا رہا ہے۔ یہاں بھی سیاح ٹائیگر کو دیکھ کر رومانی کیفیت سے دوچار ہو سکیں گے۔