بھوپال:11؍جون:مدھیہ پردیش کے نوجوان باصلاحیت امیدوار اجے اہروار نے انڈیا اسکلز نیشنل مقابلہ 2025-26 میں برک لے اِنگ (اینٹ چنائی) مہارت کے شعبے میں طلائی تمغہ حاصل کرکے ریاست کو قومی سطح پر فخر کا موقع فراہم کیا ہے۔ ان کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر انہیں بھارت کی جانب سے ورلڈ اسکلز مقابلہ 2026 کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ مقابلہ ستمبر 2026 میں شنگھائی، چین میں منعقد ہوگا۔اجے اہروار کا انتخاب گلوبل اسکلز چیلنج 2026 کے لیے بھی ہوا ہے، جو 23 سے 29 جون 2026 تک آسٹریلیا میں منعقد کیا جائے گا۔ اس مقابلے میں وہ بھارت کی نمائندگی کریں گے۔ اس وقت اجے اہروار کانپور میں جدید تربیت حاصل کر رہے ہیں اور آئندہ بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری میں مصروف ہیں۔اجے کی یہ کامیابی ریاست کے نوجوانوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ محدود وسائل کے باوجود انہوں نے اپنی محنت، لگن اور مہارت کی بدولت قومی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت قائم کی ہے۔ ان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ مناسب تربیت، مسلسل مشق اور مضبوط عزم کے ذریعے نوجوان عالمی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔
اجے کی کامیابیوں اور ان کی تیاری کی حوصلہ افزائی کے لیے مدھیہ پردیش ریاستی اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ ایمپلائمنٹ جنریشن بورڈ کی جانب سے خصوصی مالی معاونت فراہم کی گئی ہے، تاکہ وہ آئندہ مقابلوں کی تیاری مزید مؤثر انداز میں کر سکیں۔مدھیہ پردیش میں مہارتوں کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں، جن کے مثبت نتائج قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں ریاست کے نوجوانوں کی شاندار کارکردگی کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔









