بھوپال، 07 مئی (یو این آئی) مدھیہ پردیش نے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2025 (بہار) میں چھ طلائی تمغوں سمیت کل ملاکر 11 تمغے جیت کر آج اپنے تمغوں کی تعداد بڑھا کر 14 کر لی ہے۔مدھیہ پردیش کے کھیل اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے محکمہ کی طرف سے یہاں فراہم کردہ معلومات کے مطابق اس کے ساتھ ہی مدھیہ پردیش تمغوں کی تعداد میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ ریاست کے کھلاڑیوں نے آج چھ سونے، تین چاندی اور دو کانسہ کے تمغے جیتے ہیں۔ اس طرح اب ان تمغوں کی تعداد بڑھ کر بالترتیب آٹھ سونے، تین چاندی اور تین کانسہ ہو گئی ہے۔4 مئی کو شروع ہونے والے اس مقابلے کا انعقاد بہار کی راجدھانی پٹنہ کے علاوہ راجگیر، بھاگلپور، گیا اور نئی دہلی میں کیا جا رہا ہے۔
یہ ٹورنامنٹ 15 مئی تک جاری رہے گا اور مدھیہ پردیش کے 176 کھلاڑی 18 کھیلوں میں اپنا بہترین مظاہرہ کر رہے ہیں۔ریاست کے کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے وزیر وشواس سارنگ نے ریاست کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملکھمب اور شوٹنگ کے کھلاڑیوں نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مدھیہ پردیش نے ملکھمب میں چھ طلائی تمغے جیتے ہیں۔