بھوپال ۔9/ اکتوبر :مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے ریاست کو عالمی سیاحتی نقشے پر ابھارنے کے مقصد سے مدھیہ پردیش ٹریول مارٹ 2025 کا انعقاد 11 سے 13 اکتوبر تک کُشابھاؤ ٹھاکرے انٹرنیشنل کنونشن سینٹر، بھوپال میں کیا جا رہا ہے۔ اس ایونٹ میں 27 ممالک کے 80 غیر ملکی اور 150 گھریلو ٹور آپریٹرز سمیت 700 سے زائد مندوبین شرکت کریں گے۔
وزیرِ مملکت برائے سیاحت دھرمیندر سنگھ لودھی کے مطابق فکّی کے اشتراک سے ہونے والا یہ مارٹ مدھیہ پردیش کے سیاحتی کاروبار کو عالمی سطح سے جوڑنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری شیو شیکھر شکلا نے بتایا کہ ایونٹ میں 120 سے زائد اسٹالز، ثقافتی و لوک رقص، مہر بینڈ کی پرفارمنس اور مقامی کھانوں کی پیشکش شامل ہوگی۔
مارٹ کے دوران وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادَو سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گے اور دو مباحثی اجلاس ہوں گے۔ اس موقع پر انفلویئنسر میٹ اور فیَم ٹرپس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ نمایاں شرکاء میں ڈاکٹر جیوتسنا سوری، راجیو مہرا، گجرج راؤ، رگھویر یادَو، ایکتا کپور، اور اسپین کے فلم پروڈیوسر ،اَنّا ساورا و لارا مولینا شامل ہیں۔یہ ایونٹ مدھیہ پردیش کو “Global Icon in Tourism” کے طور پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔









