بھوپال 5جنوری: وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش ملک کی سب سے نوجوان ریاست ہے۔ مدھیہ پردیش ٹائیگر اسٹیٹ ہے، چیتا اسٹیٹ ہے، فاریسٹ اسٹیٹ ہے، منرل اسٹیٹ ہے، بجلی سرپلس اسٹیٹ ہے اور اب ملک کی سب سے بہتر سرمایہ کاری دوست ریاست بھی بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش سال 2025 میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری حاصل کرنے والی ملک کی تیسری ریاست بنی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش لامحدود مواقع اور امکانات کا حامل ہے۔ مدھیہ پردیش میں سرمایہ کاری ہر لحاظ سے فائدے کا سودا ہے۔ ملک کے وسط میں واقع ہونے کے باعث مدھیہ پردیش تجارت، کاروبار، صنعتوں اور اسٹارٹ اپس کے قیام سے لے کر اپنی مصنوعات کی برآمد کے لیے ایک بے مثال مرکز بنتا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو پیر کے روز پنک سٹی جے پور میں راجستھان ڈیجی فیسٹ – ٹائی گلوبل سمٹ 2026 میں مدھیہ پردیش سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش اور راجستھان دونوں صدیوں سے تاریخ، وراثت اور تجارت و کاروبار کی سمجھ کے معاملے میں مشترکہ شراکت دار رہے ہیں۔ راجستھان کے مارواڑی تاجر مدھیہ پردیش میں اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں۔ سمٹ میں راجستھان کے نائب وزیرِ اعلیٰ شری پریم چند بیروہ بھی موجود تھے۔ مدھیہ پردیش حکومت اس معزز گلوبل سمٹ میں ’’اسٹیٹ پارٹنر‘‘ کے طور پر شرکت کر رہی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مدھیہ پردیش کو ترقی اور مواقع کا مرکز قرار دیتے ہوئے سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں سے کہا کہ ہمارا صوبہ آج ملک کی اْن منتخب ریاستوں میں شامل ہے جہاں قدرتی وسائل، صنعت دوست پالیسیاں، مضبوط انفراسٹرکچر اور تعاون کرنے والی حکومت مل کر سرمایہ کاروں کے لیے مثالی ماحول تیار کر رہی ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ صوبے میں 18 نئی صنعت دوست پالیسیاں، وسیع لینڈ بینک، وافر آبی وسائل، ہنر مند انسانی وسائل، بہترین لاجسٹکس کنیکٹیوٹی اور شفاف انتظامیہ سرمایہ کاروں کو اعلیٰ سہولتیں فراہم کر رہی ہیں۔ اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو اور دیگر معزز مہمانوں نے چراغ روشن کر کے راجستھان ڈیجی فیسٹ – ٹائی گلوبل سمٹ کے مدھیہ پردیش سیشن کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ تمام ریاستوں کے درمیان صنعتی ترقی کی صحت مند مسابقت جاری ہے۔ وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی کی رہنمائی میں ملک کی تمام ریاستوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع مل رہے ہیں۔ عالمی معیشت آج بھی غیر یقینی صورتحال سے گزر رہی ہے، اس کے باوجود بھارت دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی سمت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ بھارت کے جمہوری نظام میں ’’جیو اور جینے دو‘‘ کا جذبہ شامل ہے۔ صنعت اور تجارت سے بے شمار لوگوں کی زندگی میں اجالا آتا ہے، اس سے زیادہ پاکیزہ کام کوئی نہیں ہو سکتا۔ مدھیہ پردیش ترقی کے تمام شعبوں میں مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ صوبے کو قومی سطح پر کئی بڑے اعزازات بھی حاصل ہوئے ہیں۔ ہمارے سیاحت کے شعبے میں بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ دو برسوں میں ہم نے صوبے میں دو نئے ٹائیگر ریزرو قائم کیے ہیں۔ مدھیہ پردیش ٹائیگر اور وَلچر اسٹیٹ تو ہے ہی، ہماری زمین پر چیتا بھی تیزی سے اپنی آبادی بڑھا رہا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش ندیوں کا میکہ ہے، یہاں 250 سے زائد ندیاں بہتی ہیں۔ ہم نے راجستھان کے ساتھ پانی کی تقسیم کا تنازعہ حل کیا ہے۔ ہمارے کاموں میں باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کا جذبہ ہونا چاہیے۔ وزیرِ اعظم مسٹر مودی نے میک اِن انڈیا اور انڈیا فرسٹ کا نعرہ دیا ہے۔ یہ محض الفاظ نہیں ہیں، بلکہ اس کے لیے کشادہ دلی سے کام کرنے کی سوچ درکار ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے سرکاری نظام کو مزید آسان، سہل، شفاف اور تعاون پر مبنی بنا رہی ہے۔









