دیو، 22 مئی (یواین آئی) کھیلو انڈیا بیچ گیمز 2025 کے بیچ ساکر مقابلوں میں جمعرات کو مدھیہ پردیش کی خواتین ٹیم اور اتر پردیش کی مردوں کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریفوں کو حیران کر دیا اور سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔آج یہاں گھوگھلا بیچ پر کھیلے گئے خواتین کے گروپ-بی مقابلے میں مدھیہ پردیش نے آندھرا پردیش کو 6-1 سے زبردست شکست دی۔ اس مقابلے میں مدھیہ پردیش کی اسٹار کھلاڑی سیوکتا نے دو شاندار گول داغے۔ مدھیہ پردیش کا سیمی فائنل میں گروپ-اے کی فاتح گجرات سے مقابلہ ہوگا۔مردوں کے گروپ-بی مقابلے میں مہاراشٹر نے گجرات کو 6-5 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ایک وقت مہاراشٹر 3-1 سے پیچھے تھا، لیکن ساگر اور آرین وکرم تھیوپرکل کے دو دو گولوں نے ٹیم کو واپسی کراتے ہوئے آخری چار میں جگہ دلائی۔ اب سیمی فائنل میں مہاراشٹر کا مقابلہ گروپ-اے کے فاتح کیرالہ سے ہوگا۔دیگر سیمی فائنل مقابلوں کی بات کریں تو خواتین میں گروپ-اے کی رنر اپ اتر پردیش کا مقابلہ گروپ-بی کی فاتح اوڈیشہ سے ہوگا، جبکہ مردوں میں گروپ-بی کی فاتح لکشدیپ کا مقابلہ گروپ-اے کی رنر اپ گوا سے ہوگا۔سیمی فائنل میں پہنچنے والی آٹھ ٹیموں میں صرف اتر پردیش اور مدھیہ پردیش ہی ایسی ٹیمیں ہیں جو ساحلی نہیں ہیں۔ ان ریاستوں کے کھلاڑی کبھی ندی کے کنارے پریکٹس کرتے ہیں تو کبھی بڑے ایونٹس کی تیاری کے لیے سمندری ساحلوں پر بھیجے جاتے ہیں۔تمام سیمی فائنل مقابلے جمعہ کی صبح کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل اسی دن شام کو ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے ضابطےکے مطابق سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں کو بھی کانسی کا تمغہ ملے گا۔









