بھوپال:09؍مارچ:(پریس ریلیز)مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی، سنسکرتی پریشد، محکمۂ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، منڈلا کے ذریعے ’’سلسلہ‘‘کے تحت ادبی و شعری نشست کا انعقاد 8 مارچ 2026 کو گونڈی پبلک ٹرسٹ، منڈلا میں ضلع کوآرڈینیٹر راجیش ٹھاکر کے تعاون سے کیا گیا۔منڈلا میں منعقدہ “سلسلہ” کے لیے مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکادمی کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں منعقد کیا جا رہا “سلسلہ” پروگرام ادبی مکالمے اور تخلیقی اظہار کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ اس کا مقصد اردو زبان و ادب کے ساتھ ساتھ مختلف زبانوں کے تخلیق کاروں کے درمیان مکالمے کو مضبوط کرنا اور مقامی ادبی روایات کو فروغ دینا ہے۔
منڈلا میں منعقد یہ پروگرام اس بات کا ثبوت ہے کہ چھوٹے شہروں اور اضلاع میں بھی ادب کے تئیں گہری حساسیت اور فعالیت موجود ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس طرح کے پروگرام نئی نسل کو لکھنے، پڑھنے اور تخلیقی فکر کے لیے متاثر کریں گے اور صوبے کی مشترکہ ثقافتی و ادبی وراثت کو مزید ثروت مند بنائیں گے۔منڈلا ضلع کے کوآرڈینیٹر پروفیسر راجیش ٹھاکر نے بتایا کہ سلسلہ کے تحت دوپہر 12:00 بجے ادبی و شعری نشست کا انعقاد ہوا جس کی صدارت منڈلا کے سینیئر ادیب و شاعر پروفیسر شرد ناراین کھرے نے کی۔ وہیں مہمان خصوصی کے طور پر جبلپور کے سینئر شاعر اسلم ماجد اور مہمان ذی وقار کے طور پر منڈلا کے سینئر شاعر عبدالبشیر آسی اسٹیج پر جلوہ افروز رہے ۔ اس موقع پر خصوصی مقرر منوج متر نے “منڈلا کا ادبی منظرنامہ” موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منڈلا ضلع کا اردو ادب سے گہرا اور پرانا رشتہ رہا ہے۔ منڈلا نے اردو ادب کو ایسے تخلیق کار دیے ہیں جنہوں نے قومی سطح پر اپنی شناخت قائم کی۔ یہاں کی ادبی فضا میں گنگا جمنی تہذیب کی جھلک ملتی ہے۔ منڈلا کی اردو غزل کی سب سے بڑی خصوصیت اس کی سادگی اور سنجیدگی ہے۔ یہاں کے شعرا نے کبھی بھی زبان کو پیچیدہ نہیں ہونے دیا، جس سے ان کی غزلیں عام آدمی کے دل تک آسانی سے پہنچیں۔
شعری نشست میں جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ان میں عبدالبشیر آسی، پروفیسر شرد ناراین کھرے، شيام بيراگی، نوين جين ‘اکيلا ، شفيق تاج، جنيد اختر، ڈاکٹر ششی کانت چندیلا، نونيتا دوبے ‘نوپور ، پرتيما واجپئی ، ارچنا جين، پريتی دوبے، آشا اوستھی، لکھن کچھواہا، يوگتا چورسيا اور انل ورما کے نام شامل ہیں۔پروگرام کی نظامت کے فرائض ضلع کوآرڈینیٹر راجیش ٹھاکر نے بحسن خوبی انجام دیے۔پروگرام کے آخر میں انھوں نے تمام مہمانوں، تخلیق کاروں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔









