لکھنو22جون: لکھنؤ کے علی گنج علاقے کے پورنیا میں پیر کے روز ایک کوچنگ سنٹر میں ہولناک آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کے بعد پوری بلڈنگ میں دھواں بھر گیا، جس سے اندر موجود طلبہ میں بھگدڑ مچ گئی۔ کئی طلبہ نے اپنی جان بچانے کے لیے اونچائی سے چھلانگ لگا دی، جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئے۔ ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ کے مطابق اس افسوسناک حادثے میں اب تک 15 بچوں کی جان جا چکی ہے اور 4 زخمی ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی جی پی راجیو کرشن اور پرنسپل سکریٹری سنجے پرساد بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ لکھنؤ کے ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) اور انتظامی ٹیم کے ساتھ بھاری پولیس فورس وہاں موجود ہے اور راحت و بچاؤ کا کام مسلسل جاری ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک بھی جائے وقوعہ پر پہنچے ہیں۔ ریسکیو کے لیے برابر والے گھر کی چھت سے کوچنگ کی دیوار کو کاٹ کر راستہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ اب تک 10 لوگوں کو ریسکیو کر کے ٹراما سنٹر بھیجا جا چکا ہے۔ جائے وقوعہ پر موجود نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک جذباتی ہو گئے اور انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی آنکھوں سے 14 لاشیں دیکھی ہیں۔