نئی دہلی9جولائی: عام آدمی پارٹی نے گجرات کے وڈودرا ضلع میں مہی ساگر ندی پر واقع گمبھیرا پل گرنے کے حادثے پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے گجرات حکومت پر بدعنوانی اور لاپرواہی کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پل حادثے کو افسوسناک اور دل دہلا دینے والا قرار دیا اور حکومت سے سخت سوالات کیے۔ کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’گجرات میں یہ حادثہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ خدا مہلوکین کی روح کو سکون دے اور ان کے اہل خانہ کو یہ تکلیف برداشت کرنے کی طاقت دے۔ میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں لیکن اس وقت ایک اہم سوال اٹھانا ضروری ہے۔‘
‘ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30 برس سے گجرات میں اقتدار پر قابض بی جے پی یہ بتائے کہ ریاست میں بار بار غیرمعیاری اور خطرناک پل کیوں بنائے جا رہے ہیں، جو وقت سے پہلے ہی گر جاتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناک کے نیچے جو لاپرواہی اور بدعنوانی ہو رہی ہے، اس کا خمیازہ عام شہریوں کو اپنی جان دے کر بھگتنا پڑ رہا ہے۔ کیجریوال نے مطالبہ کیا کہ پل حادثے کے لیے جو بھی ذمہ دار ہیں، چاہے وہ کتنے ہی بااثر اور طاقتور کیوں نہ ہوں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صرف سخت قدم اٹھا کر ہی معصوم جانوں کو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔