بھوپال:یکم؍مئی:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت مدھیہ پردیش کے قبائلی طبقے کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم مسٹرنریندر مودی کے ویزن کے مطابق، قبائلی بھائیوں اور بہنوں کی مجموعی بہبود کے لیے پیسا قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے قبائلی علاقوں کی ترقی کو مزید تقویت دی جا رہی ہے۔ ریاست کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے قبائلی خاندانوں کو بھی آیوشمان یوجنا کے تحت مرکزی حکومت کی تمام اسکیموں جیسے پکے مکان، مفت راشن اور مفت علاج کی سہولت مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ہر غریب اور نادار بچے کے سنہرے مستقبل کے لیے ہر سطح پر کوششیں کر رہی ہے۔ ریاستی حکومت تیندو پتہ جمع کرنے والوں کو بونس دے کر ان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔تیندوپتہ کی سرکاری قیمت میں 1000 روپے فی معیاری بورااضافہ کر کے 4000 روپے فی معیاری بوراکر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست میں اس وقت 15 ہزار فاریسٹ کمیٹیاں ہیں۔ مائنر فاریسٹ پروڈکشن کمیٹیاں قبائلی برادری کو محفوظ طریقے سے خود روزگار کے ساتھ جوڑنے کے قابل ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو جمعرات کو کھنڈوا ضلع کے ہرسود میں تیندوپتہ، جنگلاتی کمیٹیوں اور قبائلی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے علاقے کے بزرگ لوگوں میں ٹارچ اور ایف ایم جیسی جدید ٹیکنالوجی سے لیس چھڑیاں تقسیم کیں اور مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں کو ان کی اہلیت کے مطابق فائدے کے چیک اور ای رکشہ فراہم کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بھومی پوجن اور مختلف ترقیاتی کاموں جیسے اسکول اور اسپتال کا افتتاح بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ہرسود میں پانی کے تحفظ کے لیے حکومت کی جانب سے چلائے جا رہے جل گنگا سموردھن پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر بارش کے پانی کی ہر بوند کو بچانے کے مقصد پر مبنی ایک مختصر فلم کی بھی نمائش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ہرسود کو ترقیاتی کاموں کا سوغات دی جس میں 20 کروڑ کی لاگت سے ایک نیا اسپتال، ساندیپنی آدرش ودیالیہ اور 45 کروڑ کی لاگت کا نیا آبپاشی پروجیکٹ شامل ہے۔
پروگرام میں مرکزی وزیر مملکت قبائلی امور مستر درگا داس اوئیکے، قبائلی امور، عوامی اثاثہ جات کے انتظام اور بھوپال گیس المیہ راحت اور بازآبادکاری وزیر ڈاکٹر کنور وجے شاہ، وزیر مملکت جنگلات اور ماحولیات مسٹر دلیپ اہیروار، ایم ایل اے مسٹر نارائن پٹیل، ایم ایل اے شریمتی چھایا پٹیل سمیت متعدد عوامی نمائندے اور ضرورت مند موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ آج بزرگوں کو جدید جادو کی چھڑی مل گئی ہے۔
ریاست میں ایک حکومت ہے جو بزرگوں کی حمایت اور عزت کرتی ہے۔ وزیر اعظم مسٹرمودی کی رہنمائی میں، ہماری حکومت مدھیہ پردیش کو خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے مشن موڈ میں کام کر رہی ہے۔ ریاست میں کھیتوں کو سیراب کرنے کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ آبپاشی کے رقبہ میں اضافے سے کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ مدھیہ پردیش میں گیہوںکی خریداری کی قیمت 2600 روپے ہے، جو ملک میں سب سے زیادہ ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاست میں شروع ہوئی دو قومی ندی جوڑو پروجیکٹ کے حوالے سے کہا کہ ریاستی حکومت پڑوسی ریاستوں کے ساتھ تمام زیر التواء مسائل کو حل کر رہی ہے۔ راجستھان کے بعد اب ہم مہاراشٹر کے ساتھ ندی جل کے معاہدے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں گیتا بھونوںکی تعمیر کا کام ہو رہاہے ۔ ریاستی حکومت نے ہر بلاک میں ایک ماڈل گاؤں اور ایک ورنداون گاؤں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے صنعتی انقلاب سے ریاست کے نوجوانوں کا مستقبل بہتر ہوگا
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں سیاحت کے شعبہ میں بے پناہ امکانات ہیں۔ یہاں سب سے زیادہ شیر ہیں۔ ملک میں چیتابھی صرف مدھیہ پردیش میںہی ہیں۔ حکومت جنگلی حیات کی سیاحت کو فروغ دے رہی ہے اور نوجوانوں کو بطور رہنما تربیت دے کر سیاحت کے روزگار سے منسلک کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل انویسٹرس سمٹ (جی آئی ایس)- 2025 ریاست میں صنعت کاری کا ایک نیا آغاز ہے، جس میں 30 لاکھ کروڑ روپے کی تاریخی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ ہماری نئی صنعتی پالیسیاں ریاست کے نوجوانوں کے مستقبل کو سنواریں گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گی۔ ہم نے ریاست میں غریبوں کی مجموعی بہبود، نوجوانوں کے لیے روزگار، کسانوں کی خوشحالی اور ریاست کی تمام بہنوں کو بااختیار بنانے کے لیے 4 مشن شروع کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کے تعاون اور اچھی کوششوں سے ہم یہ مشن پورا کریںگے۔
پانی، جنگل اور زمین کے تحفظ میں مصروف مدھیہ پردیش حکوم ت : مرکزی وزیر مملکت شری یوکی
مرکزی وزیر مملکت مسٹردرگا داس اوئیکے نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں 70 رہائشی اسکول شروع کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم مسٹرنریندر مودی کی رہنمائی میں، ریاستی حکومت قبائلی برادری کی بہبود اور بااختیار بنانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ حکومت پانی، جنگلات اور زمین کو بچانے میں مصروف ہے۔ وزیر اعظم مسٹرمودی کی دور اندیش قیادت میں مدھیہ پردیش اب ایک سنہری ریاست بننے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ریاست میں قبائلی سماج کی ترقی کے لیے مختلف شعبوں میں بہت سی ترقیاتی اسکیموں کو تیز رفتاری سے نافذ کیا جا رہا ہے۔
بے سہارا لوگوں کا سہارا بن رہی ہے ہماری حکومت : وزیر قبائلی امور ڈاکٹر شاہ
وزیر قبائلی امور ڈاکٹر کنور وجے شاہ نے کہا کہ حکومت نے ریاست کی ہونہار بیٹیوں کو تعلیم دینے اور آگے بڑھانے کے لیے اسکوٹی تقسیم کرنے کی اسکیم شروع کی ہے۔ کھنڈوا ضلع کی بیٹیوں کو بھی ان اسکیموں کا فائدہ مل رہا ہے۔ انہوں نے بزرگوں میں چھڑی تقسیم کرنے کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کسی کو بے سہارانہیں ہونے دے گی۔ بے سہارا لوگوں کا سہارا بن کر حکومت ان کی مجموعی بہبود کی فکر کر رہی ہے۔