بھوپال:23؍مارچ:مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، راج گڑھ کے ذریعے “سلسلہ” کے تحت مشہور شاعر اقبال حسین قادری کو منسوب شعری و ادبی نشست کا انعقاد 23 مارچ 2025 کو صبح 11:00 بجے رادھا ریسٹورنٹ، راج گڑھ روڈ، بیاورہ میں ضلع کوآرڈینیٹر راہول کمبھکار کے تعاون سے کیا گیا۔اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکادمی نے بیاورا، راج گڑھ میں منعقد اپنا پروگرام “سلسلہ” مشہور شاعر اقبال حسین قادری کو منسوب کیا ہے جن کی شخصیت اور فن سماجی ہم آہنگی کی علامت تھا۔ اکادمی کا پورے صوبے میں اپنے پروگراموں کو قابلِ ذکر شعراء، ادبا اور فنکاروں یا سماج کے تئیں اپنی خدمات دینے والی شخصیات کو منسوب موسوم کرنے کا مقصد ان کی خدمات کا اعتراف اور ان کی وراثت کو سہیجنا ہوتا ہے۔اور یہ بھی کہ نئی نسل ان کے کاموں سے تحریک لے۔راج گڑھ ضلع کے کوآرڈینیٹر راہُل کمبھکار نے بتایا کہ منعقدہ پروگرام میں سلسلہ کے تحت صبح 11:00بجے شعری و ادبی نشست کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت راج گڑھ کے سینئر شاعر کے کے قریشی نازاں نے کی۔ساتھ ہی مہمانان ذی وقار کے طور پر بھوپال کے مشہور شاعر شعیب علی خان اور اقبال حسین قادری کی پوتی ڈاکٹر صائمہ اسٹیج پر جلوہ افروز رہے۔ نشست کی صدارت فرما رہے کے کے نازاں قریشی نے مشہور شاعر اقبال حسین قادری کی شخصیت اور کارناموں کے حوالے سے گفتگو کر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔