نئی دہلی، 12 مئی (یو این آئی) دولت مشترکہ کھیلوں میں تمغہ جیتنے والے لکشیا سین اور گایتری گوپی چند-تریشا جولی منگل سے بنکاک میں شروع ہونے والے تھائی لینڈ اوپن 2025 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستانی نوجوان ٹیم کی قیادت کریں گے۔ لکشیا سین مردوں کے سنگلز میں ٹاپ رینک والے ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی ہوں گے۔ سین نے اس سال آل انگلینڈ اوپن میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ٹیم میں سابق عالمی نمبر ایک کدامبی سری کانت اور پریانشو راجاوت کے علاوہ گزشتہ ہفتے تائپے اوپن کے سیمی فائنلسٹ 20 سالہ آیوش شیٹی بھی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے۔ مالویکا بنسوڈ پی وی سندھو کی غیر موجودگی میں خواتین کے سنگلز میں ہندوستان کے چیلنج کی قیادت کریں گی۔گزشتہ ہفتے تائپے اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی 17 سالہ اوناتی ہڈا کو ابتدائی طور پر کوالیفائر میں رکھا گیا تھا۔ کچھ کھلاڑیوں کے نام واپس لینے کے بعد انہیں مین ڈرا میں جگہ ملی۔