سڈنی، 22 نومبر (یو این آئی ) ہندوستان کے اسٹار شٹلر لکشہ سین نے شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے ہوئے چینی تائپے کے چاؤ ٹیئن چن کو شکست دے کر آسٹریلیا اوپن 2025 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔آج اولمپک پارک اسپورٹس سینٹر میں کھیلے گئے ایک گھنٹہ 26 منٹ پر مشتمل سخت مقابلے میں ہندوساتن کے سرفہرست مرد سنگلز بیڈمنٹن کھلاڑی لکشہ نے دنیا کے چھٹے نمبر کے حریف چاؤ ٹیئن چن کو 17-21، 24-22، 21-16 سے شکست دینے کے لیے تین میچ پوائنٹس بچائے۔ یہ لکشہ کی چاؤ ٹیئن چن کے خلاف آٹھ میچوں میں چوتھی فتح ہے۔2022 کے عالمی چیمپئن شپ کے کانسی کے تمغہ جیتنے والے چاؤ ٹیئن چن نے ابتدا میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے لکشہ کے خلاف 4-0 کی برتری حاصل کی اور پہلا گیم آسانی سے جیت لیا۔ دوسرے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا اور لکشہ سین نے بہترین مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ گیم 24-22 سے اپنے نام کیا۔ آخری گیم میں لکشہ سین نے 7-2 کی سبقت حاصل کرلی، اس دوران چاؤ ٹیئن چن کی جانب سے غلطیاں بڑھتی گئیں۔ ہندوستانی کھلاڑی نے وقفے تک 11-6 کی برتری برقرار رکھی اور اپنی گرفت ڈھیلی نہ ہونے دی۔ بالآخر لکشہ نے 21-16 سے فیصلہ کن گیم جیت کر 2025 بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور سیزن کے اپنے دوسرے فائنل میں رسائی حاصل کی۔فائنل میں لکشہ سین کا مقابلہ چینی تائپے کے چن یی لِن یا جاپان کے یووشی تناکا میں سے کسی ایک سے ہوگا، جو اپنے سیمی فائنل کے فاتح ہوں گے۔