لندن ،8 ؍اگست:تجربہ کار بھارتی بلے باز ویراٹ کوہلی نے 5 ماہ بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ وہ لندن میں گجرات ٹائٹنز کے اسسٹنٹ کوچ نعیم امین سے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ کوہلی اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف 3 ون ڈے سیریز کھیلیں گے۔
36 سالہ ہندوستانی بلے باز نے جمعہ کو انسٹاگرام اسٹوری پر اپنی پریکٹس کی تصویر پوسٹ کی جس میں وہ نعیم امین کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔ نعیم نے کوہلی کا بیٹ بھی پکڑ رکھا ہے۔ ویراٹ نے لکھا – تیاری میں مدد کرنے کے لیے شکریہ بھائی۔ آپ کو دیکھ کر ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یراٹ کوہلی نے 9 مارچ 2025 سے بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔ آخری بار وہ نیوزی لینڈ کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں کھیلے تھے۔ ہندوستانی ٹیم نے یہ میچ 4 وکٹوں سے جیتا تھا ۔ ویراٹ کوہلی اکتوبر کے مہینے میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلتے نظر آئیں گے۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف 3 ون ڈے سیریز میں حصہ لیں گے۔ ٹیم انڈیا یہ سیریز 19 سے 25 اکتوبر کے درمیان کھیلے گی۔ اس دورے میں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے تاہم ویراٹ کوہلی ٹی ٹوئنٹی میچز کا حصہ نہیں ہوں گے۔









