اونٹاریو (کینیڈا)، 5 جولائی (یو این آئی) دنیا کے سابق نمبر ایک کدامبی سری کانت نے ٹاپ سیڈ اور اولمپین چاؤ ٹئین چین کو شکست دے کر کناڈا اوپن 2025 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے مردوں کے سنگلز سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔جمعہ کو کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں کدامبی سری کانت نے ٹاپ سیڈ چینی تائپے کے چاؤ ٹئین چین کو 43 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں 21-18، 21-9 سے شکست دے کر میچ جیت لیا۔چاؤ ٹئین چین کے خلاف سری کانت کی 10 میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے۔ ملائیشیا ماسٹرز میں رنر اپ رہے سری کانت کا اب سیمی فائنل میں مقابلہ اولمپئن اور جاپان کے تھرڈ سیڈ کینتا نشیموتو سے ہوگا۔
ایک دیگر میچ میں بی ڈبلیو ایف سپر 300 ٹورنامنٹ میں شنکر سبرامنیم کا سفر کینتا نشیموتو کے خلاف سخت مقابلے میں شکست کے بعد ختم ہو گیا۔ پہلا گیم ہارنے کے بعد، شنکر نے دوسرا گیم جیتا، لیکن تیسرے گیم میں دوبارہ پیچھے ہو گئے اور 21-15، 5-21، 21-17 سے ہار کر کناڈا اوپن سے باہر ہو گئے۔ وہیں ہندوستان کی خاتون سنگلز چیلنج بھی کناڈا اوپن میں شریانشی والیشیٹی کی شکست کے ساتھ ختم ہوگیا۔ خواتین کے سنگلز میچ میں شریانشی والیشیٹی کو ڈنمارک کی امالی شلز نے شکست دی۔ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی نے پہلا گیم جیت کر اچھی شروعات کی لیکن انہیں ڈنمارک کی امالی شلز نے 12-21، 21-19، 21-19 سے شکست دی۔ امالی شلز کے خلاف شریانشی کی یہ پہلی شکست ہے۔