سنگاپور، 19 جولائی (یو این آئی) ہندوستان کے قدیم ترین مقامی کھیلوں میں سے ایک کھو کھو کو عالمی سطح پر لے جانے کی سمت میں ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے، اس کھیل نے آج سنگاپور میں اپنا آغاز کیا۔اس موقع پر ایک نمائشی میچ کھیلا گیا جس میں سنگاپور کی قومی ٹیم نے پہلی بار حصہ لیا اور اس کا مقابلہ ملیشیا کی ٹیم سے ہوا، جو ہندوستان میں منعقد ہونے والے کھو کھو ورلڈ کپ 2025 کے افتتاحی ایڈیشن میں بھی حصہ لے چکی ہے۔اس تاریخی تقریب کا انعقاد ایشین کھو-کھو فیڈریشن (اے کے کے ایف) کے ذریعہ کھو-کھو ایسوسی ایشن آف سنگاپور (کے کے اے ایس) کے تعاون سے جورونگ ویسٹ سیکنڈری اسکول میں کیا گیا۔ پورے دن کے اس پروگرام کا مقصد سنگاپور میں کھو کھو کو مقبول بناناتھا، جس میں تربیتی سیشنز، تھیوری پریزنٹیشنز اور نمائشی میچ شامل تھے۔اس موقع پر بین الاقوامی کھو-کھو فیڈریشن (ائی کے کے ایف) اور کھو-کھو فیڈریشن آف انڈیا (کے کے ایف آئی) کے صدر سدھانشو متل نے کہا، آج کھو-کھو کے لیے ایک تاریخی دن ہے کیونکہ یہ سنگاپور میں اپنا باقاعدہ آغاز کر رہا ہے۔ ایشین کھو-کھو فیڈریشن کا قیام اس خطے میں کھیل کے پھیلاؤ کا آغاز ہے، جو اب صرف جنوب مشرقی ایشیا تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ پورے ایشیائی برصغیر تک پہنچے گا۔ اسکول کلینک سے لے کر ملیشیا بمقابلہ سنگاپور جیسے بین الاقوامی مقابلے تک، کھیل کی رفتار اب واضح ہے۔ کھو کھو ایک ایسا کھیل کے جوچستی، رفتار اور ہوشیاری اور قوت برداشت کو ایک منفرد انداز میں جوڑتا ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ یہ ترقی پرعزم اور قابل لوگوں کی قیادت میں ہو رہی ہے۔