گیا، 20 اپریل (یو این آئی) کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2025 تشہیری مہم کے تحت آج ضلع گیسٹ ہاؤس سے بہار کے چیف سکریٹری امرت لال مینا نے گیا اور بودھ گیا کے علاقوں میں تشہیر کے لیے تشہیری گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقع پر مگدھ ڈویژن کی کمشنر ڈاکٹر سفینہ اے این۔ اور گیا ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگراجن ایس ایم بھی موجود تھے۔ یہ مہم کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2025 کے کامیاب انعقاد اور وسیع پیمانے پر عوامی بیداری کے لیے چلائی جا رہی ہے، جس کا انعقاد بہار کے پٹنہ، راجگیر، گیا، بھاگلپور اور بیگوسرائے اضلاع میں 04 سے 15 مئی 2025 تک کیا جائے گا۔ اس ایونٹ کے تحت گیا ضلع میں سات قسم کے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تقریباً 2200 کھلاڑی، ٹیکنیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین حصہ لیں گے۔چیف سکریٹری مسٹر مینا نے تمام متعلقہ حکام کو اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے کہ کھلاڑیوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ہر سطح پر مکمل انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے گیمز کی کامیابی کے لیے تشہیری مہم کو اہم قرار دیتے ہوئے تمام محکموں سے رابطہ اور تعاون کی اپیل کی۔ اس ایونٹ سے بہار میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ ملے گا اور نوجوان کھلاڑیوںکو قومی اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کا موقع ملے گا۔