نئی دہلی13دسمبر:کانگریس کی قیادت والے یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) نے کیرالہ کے مقامی بلدیاتی انتخابات میں نتیجہ خیز سبقت حاصل کر لی ہے۔ بایاں محاذ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کو اس انتخاب میں زوردار جھٹکا لگا ہے، کیونکہ اسے ترووننت پورم کارپوریشن میں بھی جیت نہیں ملی ہے۔ کیرالہ کی 6 کارپوریشنز میں یو ڈی ایف نے 4، ایل ڈی ایف نے 1 اور بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے نے 1 کارپوریشن میں اپنی گرفت بنائی ہے۔ تروونت پورم کارپوریشن میں حیرت انگیز طور پر بی جے پی کو فتح حاصل ہوئی ہے۔ یعنی تروونت پورم کارپوریشن پر دہائیوں سے بایاں محاذ کا قبضہ ختم ہو گیا ہے۔ ترووننت پورم میں تو بی جے پی جیت کی نصف سنچری لگا لی ہے۔ 101 رکنی اس کارپوریشن میں بی جے پی کو 50، ایل ڈی ایف کو 29 اور یو ڈی ایف کو 19 سیٹوں پر جیت حاصل ہوئی ہے۔ 2 وارڈ آزاد امیدواروں نے جیتے ہیں۔ ایک سیٹ کا نتیجہ آنا ابھی باقی ہے۔ ووٹوں کی جاری گنتی کے درمیان جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق کانگریس کی قیادت والی یو ڈی ایف کی کارکردگی انتہائی بہتر ہے۔ شام تک ہوئی ووٹوں کی گنتی کو دیکھا جائے تو یو ڈی ایف اتحاد نے 187 میونسپل کارپوریشنوں، 1458 نگر پالیکاؤں، 153 پنچایتوں، 1229 بلاک پنچایتوں اور 7921 گرام پنچایتوں میں سبقت بنائی ہوئی ہے۔ یو ڈی ایف اتحاد میں کانگریس سب سے زیادہ 7706 بلدیاتی سیٹوں میں جیت کی طرف بڑھ رہی ہے، جبکہ 2808 بلدیوں کے ساتھ آئی یو ایم ایل دوسرے مقام پر ہے۔