کے کے آر کو بڑا دھچکا: ہرشیت رانا انجری کے شکار
کولکتہ،17 مارچ (یواین آئی )کولکتہ نائٹ رائڈرز ( کے کے آر) کے تیز گیند باز ہرشیت رانا کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے زیادہ تر میچوں سے باہر رہنے کا امکان ہے۔ ہرشیت رانا اس وقت گھٹنے کی سرجری کے بعد بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں، جو فروری میں ہوئی تھی۔ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے ابھی تک ان کی واپسی کے لیے کوئی حتمی تاریخ طے نہیں کی ہے۔ہرشیت رانا کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف ایک مشقی میچ کے دوران گھٹنے میں تکلیف ہوئی تھی۔ سرجری کے بعد وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیب کر رہے ہیں۔ اگر وہ اس سیزن میں نہیں کھیل پاتے، تو یہ ان کے لیے دوسرا بڑا ٹورنامنٹ ہوگا جس سے وہ محروم رہیں گے۔ حال ہی میں انہیں ‘بہترین نووارد کھلاڑی کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
کولکتہ نائٹ رائڈرز کو پہلے ہی مستفیض الرحمن کی خدمات حاصل نہیں ہیں، جنہیں بی سی سی آئی کی ہدایت پر ریلیز کر دیا گیا تھا۔ ان کے متبادل کے طور پر ٹیم نے بلیسنگ موزاربانی کو شامل کیا ہے۔ ٹیم کے پاس متیشا پتھیرانا، ویبھو اروڑہ، آکاش دیپ، عمران ملک اور کارتک تیاگی جیسے گیند باز موجود ہیں۔
کیمرون گرین اور رمن دیپ سنگھ بھی بالنگ کے آپشنز فراہم کرتے ہیں۔آئی پی ایل کے 19ویں سیزن کا آغاز 28 مارچ سے ہو رہا ہے۔ کے کے آر اپنا پہلا میچ 29 مارچ کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینز کے خلاف کھیلے گی۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق، کولکتہ کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر سن رائزرز حیدرآباد، پنجاب کنگز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کا سامنا کرنا ہے۔