جدہ،5 فروری(یواین آئی )النصر ایف سی کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ہیمسٹرنگ انجری کے باعث اگلے چند میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ حالیہ میڈیکل ٹیسٹ کے مطابق، 41 سالہ فارورڈ کو مکمل فٹنس بحال کرنے میں دو سے چار ہفتے لگ سکتے ہیں۔ رونالڈو الفیحا کے خلاف سعودی پرو لیگ ( ایس پی ایل) کے میچ کے دوران 81 ویں منٹ میں تکلیف محسوس ہونے پر میدان سے باہر چلے گئے تھے، جہاں بعد میں انہیں آئس پیک لگائے دیکھا گیا۔سعودی پرو لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت النصر کی ٹیم صرف دو پوائنٹس کی برتری کے ساتھ ٹاپ پر ہے، ایسے میں رونالڈو کی غیر موجودگی ٹیم کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے۔ کلب نے تصدیق کی ہے کہ رونالڈو غالباً نیوم ایس سی اور الخلیج ( کے خلاف اہم مقابلوں میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ابتدائی طور پر اسے معمولی مسئلہ سمجھا جا رہا تھا لیکن اب پٹھوں کی انجری کی تصدیق ہو چکی ہے۔ پانچ بار کے بیلن ڈی اور فاتح نے جلد از جلد واپسی کے لیے بحالی کا عمل شروع کر دیا ہے اور آئندہ چند دنوں میں مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے۔رونالڈو اس سیزن میں النصر کے ساتھ اپنی پہلی بڑی ٹرافی جیتنے کے لیے پرعزم ہیں، اسی لیے وہ جلد فٹ ہو کر میدان میں اترنے کے خواہش مند ہیں۔