بنگلورو 13نومبر:کرناٹک کابینہ نے اکتوبر میں ملازمت پیشہ خواتین کو ماہانہ تنخواہ سمیت ’ماہواری کی چھٹی‘ فراہم کرنے کی اجازت کو منظوری دے دی تھی۔ اب حکومت نے بدھ (13 نومبر) کو اس کے متعلق سرکاری حکم بھی جاری کر دیا۔ اس حکم کے تحت 18 سے 52 سال کی عمر کی تمام کام کرنے والی خواتین کو ہر ماہ ایک روز کی چھٹی دی جائے گی۔ یہ حکم مستقل اور کانٹریکٹ پر کام کرنے والی خواتین پر نافذ ہوگا۔ واضح رہے کہ کرناٹک حکومت نے 12 نومبر کو اس سلسلے میں ایک سرکاری حکم جاری کیا۔ حکم میں کہا گیا کہ 18 سے 52 سال کی عمر کی تمام مستقل اور کنٹریکٹ پر کام کرنے والی خواتین کو ماہواری کے دوران سالانہ 12 روز کی چھٹی مع تنخواہ (یعنی ایک روز فی ماہ) فراہم کریں۔
اس میں کسی بھی طرح کی کوتاہی نہ کی جائے۔ اگر اس کے بعد بھی حکم کی خلاف ورزی کی جاتی ہے یا خواتین کی ماہواری کے دوران تنخواہ کاٹی جاتی ہے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ سرکاری حکم کے مطابق ہر ماہ ایک روز خواتین کو ماہواری کی چھٹی کی اجازت ہے۔ ڈکن ہیرالڈ کے مطابق سرکاری حکم میں کمپنی مالک کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فیکٹریز ایکٹ 1948، کرناٹک شاپس اینڈ کمرشیل اسٹیبلشمنٹ ایکٹ 1961، پلانٹیشن لیبر ایکٹ 1951، بیڑی سگار ورکرز (ملازمت کی شرائط) ایکٹ 1966 اور موٹر وہیکل ورکرز ایکٹ 1961 کے تحت آنے والے اداروں میں 52-18 سال کی عمر کی تمام خاتون ملازمین کو سالانہ 12 پیڈ لیو (چھٹی مع تنخواہ) فراہم کریں۔









