ممبئی 20جنوری: مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن انتخاب کے نتائج آ چکے ہیں، لیکن کس میونسپل کارپوریشن میں کون میئر ہوگا اس کے متعلق تصویر ابھی صاف نہیں ہوئی ہے۔ 22 جنوری کو لاٹری سے ریزرویشن طے ہوگا، اس کے بعد سیاسی پارٹیاں اپنے اپنے امیدواروں کا اعلان کریں گی۔ ان سرگرمیوں سے قبل تعداد اور جوڑ توڑ کو لے کر تمام پارٹیاں اپنی جانب سے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہیں۔ اب کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) بھی موضوع بحث بن گئی ہے۔ ’اے بی پی ماجھا‘ کے مطابق ایسی اطلاعات تھیں کہ ادھو ٹھاکرے گروپ کے 2 کونسلر رابطے سے باہر ہو گئے ہیں۔ حالانکہ ایکناتھ شندے گروپ نے کہا کہ وہ ہمارے رابطے میں نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) میں مجموعی طور پر 122 سیٹیں ہیں۔ یہاں میئر بنانے کے لیے 62 سیٹ جادوئی نمبر ہے۔ ایکناتھ شندے کی شیوسینا یہاں سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی ہے۔ یہاں پارٹی نے 52 سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے، جبکہ بی جے پی دوسرے نمبر پر ہے جس کے پاس 51 سیٹیں ہیں۔ مہایوتی میں شامل اجیت پوار کی پارٹی یہاں ایک بھی سیٹ نہیں جیت پائی ہے۔ بی جے پی اور ایکناتھ شندے کی شیوسینا دونوں ہی پارٹیاں یہاں حکومت بنانے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن دونوں کے پاس اکثریت نہیں ہے۔ اگر اپوزیشن کی بات کی جائے تو ادھو ٹھاکرے نے یہاں 11 سیٹوں پر قبضہ جمایا ہے۔ راج ٹھاکرے کی پارٹی مہاراشٹر نونِرمان سینا (ایم این ایس) 5 سیٹوں پر جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ کانگریس کو 2 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے، جبکہ شرد پوار کی پارٹی نے ایک سیٹ پر جیت حاصل کی ہے۔