سنٹیاگو،2 دسمبر (یو این آئی ) ہندوستان نے ویمنز ایف آئی ایچ ہاکی جونیئر ورلڈ کپ 2025 کے اپنے ابتدائی میچ میں شاندار اور یک طرفہ کھیل پیش کرتے ہوئے نمیبیا کو 13-0 سے شکست دے دی۔ چلی کے شہر سنٹیاگو میں سینترو ڈیپورتیوو دے ہاکے سیسپید ایسٹاڈیو ناسیونال میں کھیلے گئے پول سی کے اس میچ میں ہندوستانی ٹیم نے ابتدا سے آخر تک میدان میں اپنی برتری مسلط کیے رکھی۔اولمپکس ڈاٹ کام کے مطابق، کنیکا سیواچ (12’، 30’، 45′) اور حنا بانو (35’، 35’، 45′) نے نہایت نفاست اور مہارت سے ہیٹ ٹرک مکمل کی، جب کہ ساکشی رانا (10’، 23′) نے دو بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ بنیما دھان (14′)، سونم (14′)، ساکشی شکلا (27′)، اشیکا (36′) اور منیشا (60′) نے ایک ایک گول کا اضافہ کیا، یوں ہندوستانی حملوں کی بارش پوری میچ کے دوران رکی نہیں۔میچ کے آغاز ہی سے ہندوستان نے رفتاراور دبدبہ قائم کر دیا تھا۔ ابتدائی تیس سیکنڈ میں ہی نمیبیا کی گول کیپر کو سیو کرنا پڑا، جس کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ دسویں منٹ میں ساکشی رانا نے ریورس فِلک پر پہلا گول داغ کر برتری کا دروازہ کھولا۔کنیکا سیوچ نے کچھ ہی دیر بعد طاقتور اسٹرائیک سے اسکور دُگنا کیا۔ پھر بنیما دھان اور سونم کے تیز رفتار گولوں نے پہلے کوارٹر کے اختتام تک اسکور 0-4 کر دیا۔
دوسرے کوارٹر میں بھی ہندوستانی حملے کسی موجِ بے قرار کی طرح جاری رہے۔ ساکشی رانا نے اپنا دوسرا گول اسکور کیا، اور ساکشی شکلا نے پنالٹی کارنر پر عمدہ ڈریگ فِلک سے گیند کو جال میں پہنچایا۔ وقفے سے قبل سیوچ نے ایک اور گول کے ساتھ برتری 0-7 کر دی۔تیسرے کوارٹر کا آغاز بھی وہی کہانی دہرا گیا-رفتار، مہارت اور مکمل گرفت۔ حنا بانو نے دو بار گیند کو جال میں سمیٹا، جن میں ایک شاندار ٹاپ کارنر فِنش بھی شامل تھی۔ اشیکا نے ری باونڈ پر گول کر کے اسکور کو دو ہندسوں تک پہنچایا۔ بانو نے پنالٹی کارنر پر ڈفلکشن سے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی، اور کچھ ہی دیر بعد سیواچ نے بھی تیسرا گول داغ کر اسکور 0-12 کر دیا۔آخری کوارٹر میں ہندوستانی کوچنگ بینچ نے متعدد تبدیلیاں کیں، مگر ٹیم کی روانی برقرار رہی۔ میچ کے آخری لمحات میں منیشا نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے اس تاریخی جیت کو 0-13 پر مکمل کیا۔ہندوستان اس فتح کے ساتھ پول سی کی پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہو گیا ہے اور اب بدھ کو اپنے اگلے گروپ میچ میں جرمنی کا سامنا کرے گا۔