سینٹیاگو (چلی) ،08 دسمبر (یو این آئی ) ہندوستانی جونیئر ویمن ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ہاکی جونیئر ورلڈ کپ 2025 کے 9ویں سے 16ویں پوزیشن کے کلاسیفیکیشن میچ میں ویلز کو 3-1 سے شکست دے کر ایک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔سینٹیاگو میں سنٹرو ڈیپورٹیوو ڈی ہاکی سیسپیڈ، اسٹاڈیو نیشنل میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان نے اپنی برتری ثابت کی۔ہندوستان کی جانب سے حنا بانو نے 14ویں منٹ ، سنیلیتا ٹوپو نے 24ویں،اور ایشیکا نے 31ویں منٹ میں گول کئے۔ویلس کی جانب سے واحد گول ایلوئس موٹنے نے 52 ویں منٹ میں کیا۔ ہندوستانی ٹیم نے میچ کا آغاز نہایت جارحانہ انداز میں کیا اور پہلے 30 سیکنڈ میں ہی پینلٹی کارنر حاصل کر لیا،میچ کے آغاز میں ہی ہندوستان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے 30 سیکنڈ میں پینالٹی کارنر حاصل کیا اور ویلز پر دباؤ قائم رکھا۔ متعدد مواقع بنانے کے باوجود ابتدائی برتری حاصل نہ ہوسکی۔ دوسری جانب ویلز کو پینالٹی اسٹروک سے آگے نکلنے کا سنہرا موقع ملا، مگر ہندوستانی گول کیپر ندھی نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے یہ کوشش ناکام بنا دی۔ پہلے کوارٹر کے آخری لمحات میں ساکشی رانا کی عمدہ پاس کی بدولت حنا بانو نے پہلا شاندار گول کع دیا۔برتری کو بڑھانے کے مقصد سے ہندوستان نے دوسرے کوارٹر کے آغاز میں ایک اور پینلٹی کارنر حاصل کرکے ویلز پر دباؤ برقرار رکھا۔ مسلسل حملوں کے نتیجے میں ساکشی رانا کے ابتدائی شاٹ سے گیند سُنَیلیتہ ٹوپّو کے پاس پہنچی، جنہوں نے قریب سے نشانہ خطا کیے بغیر اسکور 2-0 کر دیا۔دوسرے ہاف کے شروع میں ہی ہندوستان نے سبقت کو 3-0 تک پہنچا دیا، جب ویلز کی گول کیپر سے ری باؤنڈ ہوکر گیند اشیکا کے پاس آئی اور انہوں نے اسے آسانی سے جال میں پہنچا دیا۔جویتی سنگھ کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے میچ کی رفتار پر مکمل کنٹرول رکھا، ویلز کی دفاعی لائن کو بار بار چیلنج کیا اور انہیں زیادہ تر اپنے ہاف میں ہی محصور کیے رکھا۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام تک ہندوستان کا دباؤ برقرار رہا۔ آخری کوارٹر میں ویلز کو ایک موقع ضرور ملا، جس کا فائدہ ایلوئیس موٹ نے اٹھاتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے ایک گول کر دیا، ہندوستان اب منگل کو جونیئر ویمن ہاکی ورلڈ کپ کے اپنے اگلے میچ میں یوراگوئے سے مقابلہ کرے گا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم 9ویں اور ہارنے والی ٹیم 11ویں پوزیشن کے لیے کھیلے گی۔