ٹوکیو، 25 ستمبر (یواین آئی) دنیا کے نمبر ایک ٹینس کھلاڑی کارلوس آلکاراز نے جمعرات کو جاپان اوپن ٹینس کے پہلے راؤنڈ میں ارجنٹائن کے سبسٹین بائیز کو 6-4، 6-2 سے شکست دی۔ ایریاکے کولوسیم میں کھیلے گئے مقابلے کے دوران سب حیرت زدہ ہوگئے جب اسپین کے اسٹار آلکاراز میچ کے صرف 20 منٹ بعد درد سے کراہتے ہوئے پیٹھ کے بل گر پڑے اور ان کا سر اور بایاں ٹخنہ زخمی ہو گیا۔ انہیں طبی امداد کی ضرورت پڑی۔ لیکن چھ مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن نے نہ صرف پہلا سیٹ جیتا، بلکہ بارش کی وجہ سے تاخیر کے بعد بھی اپنے ارجنٹائن کے حریف کو شکست دی۔الکاراز نے میچ کے بعد کہا، “مجھے لگتا ہے کہ میں نے کچھ زبردست ٹینس کھیلی، سوائے اس کے جو میچ کے آغاز میں ہوا تھا۔ میں جیت کر خوش ہوں اور مجھے خوشی ہے کہ میں آخر تک کھیلنے میں کامیاب رہا۔انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم، اگلے میچ سے قبل یہ میرے لیے ڈیڑھ دن کا اہم وقت ہے۔ ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔









