احمد آباد ،26 فروری( یو این آئی) جنوبی افریقہ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے دھول چٹا دی ہے۔16.1 اوور میں ایک وکٹ کھو کر ہدف ٗحاصل کر لیا۔ اس شاندار فتح کے ساتھ ہی پروٹیز نے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس جیت سے ہندوستان کی امید بھی پیدا ہو گئی ہے۔ کپتان ایڈن مارکرم کو ان کی دھواں دھار اننگز پر ‘پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے اوپنرز نے ویسٹ انڈین بالرز کی ایک نہ چلنے دی۔ ایڈن مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے صرف 8 اوورز میں 95 رنز کی برق رفتار شراکت قائم کر کے جیت کی بنیاد رکھی۔ ڈی کوک 24 گیندوں پر 47 رنز (4 چوکے، 4 چھکے) بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایڈن مارکرم نے 82 رنز (46 گیندیں، 7 چوکے، 4 چھکے) کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ان کا ساتھ رائن رکلٹن نے دیا جنہوں نے 45 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 23 گیندیں قبل ہی فتح سے ہمکنار کر دیا۔