نئی دہلی، 12 ستمبر (یو این آئی) جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نشانہ بازی کے کھلاڑیوں نے حال ہی میں منعقدہ یوپی اسٹیٹ کی اڑتالیسویں شوٹنگ چمپئن شپ میں غیر معمولی ہنرمندی، باریک بینی اور تربیت کا ثبوت پیش کرتے ہوئے ادارے کا نام روشن کیا ہے۔آج یہاں جاری ایک ریلیز کے مطابق یوپی اسٹیٹ رائفل ایسوسی ایشن،جے پور (راجستھان)نے مورخہ تیس اگست تا سات ستمبر دوہزار پچیس یہ مقابلہ منعقد کیا تھا۔
عظیم، بی۔اے (آنرس) ہندی سال دوم(یونیورسٹی شوٹنگ پلیئر)نےاڑتا لیسویں یوپی اسٹیٹ شوٹنگ چمپئن شپ میں طلائی تمغہ (ایونٹ:پچیس میٹر اسپورٹس پسٹل) حاصل کیا اور(ایوینٹ:پچاس میٹر فری پسٹل) میں نقرئی تمغہ حاصل کیا۔
نشانہ بازی کے اسی مقابلے میں ایم۔کام (بزنس مینجمٹ) سال اول کے طالب علم سید عمر پری زادہ نے طلائی تمغہ (ایونٹ: پچیس میٹر سینٹر فائر پسٹل) حاصل کیا اور (ایونٹ: پچاس میٹر اسپورٹس پسٹل) میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔
جامعہ،بی۔اے(آنرس) ماس میڈیا ہندی سال سوم کے طالب علم فیض رحمان(یونیورسٹی شوٹنگ پلیئر) نے چمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ(ایوینٹ: بتیس میٹر فائر پسٹل) حاصل کیا۔
پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے یونیورسٹی کے تینوں کھلاڑیوں کو مبارک باد دی اور اسٹیٹ چمپئن شپ کے مختلف مقابلوں میں غیر معمولی مظاہروں کے لیے ان کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان سے دوسرے کھلاڑیوں کو بھی اپنے اپنے کھیل کے میدان میں بہتر سے بہتر تر کرنے کی ترغیب و تحریک ملے گی۔ پروفیسر آصف نے کہاکہ ان کی فتوحات صرف ان کی انفرادی صلاحیتوں کی مظہر نہیں بلکہ ان سے یونیورسٹی میں ملنے والی ان کی معیاری تربیت بھی آشکار ہوتی ہے۔ پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ان تینوں کھلاڑیوں کی تعریف کی اور آئندہ مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی ایسے یونیورسٹی کا نام روشن کریں نیز انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو صیقل کرنے کے تئیں پابند عہد ہے۔
پروفیسر نفیس احمد، اعزازی ڈائریکٹر (گیمز اینڈ اسپورٹس) جامعہ ملیہ اسلامیہ نے تینوں کھلاڑیوں کو ان کی نمایاں کارکردگی پر مبارک باد دی اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے انہیں تحریک دلائی کہ وہ آئندہ بھی ایسے ہی لگن،سخت محنت اورمخلصانہ کاوشیں کرتے رہیں گے۔