جے پور 28اکتوبر: راجستھان کی راجدھانی جے پور میں پیش آنے والے ایک اور ہولناک حادثہ میں مزدوروں کو لے جا رہی ایک نجی بس میں اچانک آگ لگ گئی، جس میں دو لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ تقریباً 12 افراد بری طرح جھلس گئے۔ رپورٹ کے مطابق، یہ حادثہ بس کے ہائی ٹینشن تار کو چھونے کے سبب جے پور شہر سے 65 کلو میٹر دور منوہر پور علاقے میں رونما ہوا۔ بس میں 5 سے 6 گیس سلنڈر بھی رکھے ہوئے تھے۔ آگ لگنے کے بعد ان گیس سلینڈروں میں دھماکہ ہوا جس سے بس پوری طرح جل کر راکھ ہو گئی۔ زخمیوں میں 5 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اس وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق یہ بس اترپردیش کے مزدوروں کو لے کر شاہ پورہ کے ٹوڈی واقع اینٹ بھٹے کی طرف جا رہی تھی۔ راستے میں اوور ہیڈ سے گزرتے وقت بس 11,000 وولٹ کی الیکٹرک لائن سے ٹکرا گئی جس سے زور دار دھماکہ ہوا اور بس میں کرنٹ دوڑ گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے بس میں آگ لگ گئی جس سے مزدوروں میں چیخ پکار مچ گئی۔ کافی مشقت کے بعد محکمہ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے آگ پر قابو پایا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی منوہر پور پولیس تھانہ کے اہلکار اور انتظامی افسران موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کردیا اور جھلسنے والے مزدوروں کو شاہ پورہ ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ وہاں سے سنگین طور پر زخمی 5 مزدوروں کو جے پور کے ایس ایم ایس اسپتال ریفر کردیا گیا۔