نئی دہلی15دسمبر:مرکز کی مودی حکومت ’منریگا‘ یعنی مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ کا نام بدل کر ’وی بی-جی رام جی‘ کرنے والی ہے۔ پارلیمنٹ کے موجودہ اجلاس میں ہی اس بل کا مسودہ پیر (15 دسمبر) کو لوک سبھا کے اراکین کے درمیان تقسیم کیا گیا۔ اگر یہ بل پاس ہو جاتا ہے تو موجودہ قانون کی جگہ نیا قانون نافذ ہو جائے گا۔ نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حکومت نے ملک کے اہم روزگار منصوبہ ’منریگا‘ کو ختم کرنے اور اس کی جگہ نیا دیہی روزگار قانون لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بل کے مسودے کے مطابق اس بل کا مقصد موجودہ پارلیمانی اجلاس میں’وکست بھارت-روزگار اور اجیویکا گارنٹی مشن (گرامین) بل 2025‘ یعنی ’وی بی-جی رام جی بل 2025‘ پیش کر 2005 کے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کو ختم کرنا ہے۔ نئے بل میں کہا گیا ہے کہ اس کا مقصد ’ترقی یافتہ ہندوستان 2047‘ کے قومی وژن کے مطابق دیہی ترقی کا نیا ڈھانچہ تیار کرنا ہے۔ اس کے تحت موجودہ کام کے دنوں کی تعداد 100 سے بڑھا کر 125 دن کر دی جائے گی۔
بل میں درج نئے قانون کے مقاصد کے مطابق گزشتہ 20 سالوں میں منریگا نے دیہی خاندانوں کو روزگار فراہم کیا ہے۔ لیکن گاؤں میں ہوئے معاشرتی-اقتصادی تبدیلیوں کو دیکھتے ہوئے اسے مزید مضبوط کرنا ضروری ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ نئے قانون کے تحت ہر دیہی خاندان کو جو بغیر ہنر والا کام کرنے کو تیار ہو، ہر سال 125 دن کا روزگار ملے گا اور اس کا مقصد ’ترقی یافتہ ہندوستان 2047‘ کے مقصد کے مطابق گاؤں کی جامع ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس جو یکم دسمبر سے شروع ہوا تھا 19 دسمبر کو ختم ہوگا۔