بھوپال، 10 دسمبر( پریس ریلیز) وی آئی ٹی بھوپال یونیورسٹی میں بدھ کے روز انڈین سوسائٹی آف تھیوریٹیکل اینڈ اپلائیڈ مکینکس (ISTAM) کے 70ویں قومی اجلاس آئی ایس ٹی اے ایم-2025 کا شاندار افتتاح عمل میں آیا۔ یہ تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس یونیورسٹی کے اسکول آف ایڈوانسڈ سائنسز اینڈ لینگویجز (SASL) کے زیراہتمام منعقد کی جارہی ہے، جس میں سائنسی و تحقیقی موضوعات جیسے فلوئڈ ڈائنامکس، نان لینیئر مکینکس، کمپیوٹیشنل ماڈلنگ اور اپلائیڈ میتھمیٹکس پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب کی صدارت وی آئی ٹی گروپ کے وائس پریذیڈنٹ شنکر وِشنو ناتھن نے کی، جبکہ اس موقع پر مہمانِ خصوصی کے طور پر آئی سی ایم آر-نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اِن انوائرنمنٹل ہیلتھ، بھوپال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راج نارائن آر. تیواری موجود تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں نئی سائنسی ٹیکنالوجیز میں تھیوریٹیکل مکینکس کے کردار پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر آئی ایس ٹی اے ایم کے صدر پروفیسر دامودر مائتی اور سیکریٹری پروفیسر جگدیش کمار بھی شریک رہے۔ کانفرنس کے آرگنائزنگ سیکریٹری ڈاکٹر ہمنت کمار نشینے اور کنوینر ڈاکٹر رینا جین ہیں۔ اجلاس میں آئی آئی ٹیز، این آئی ٹیز، سی ایس آئی آر لیبارٹریز اور بین الاقوامی جامعات سے ممتاز سائنس داں و محققین شرکت کر رہے ہیں، جو بائیو مکینکس، نینو فلوئڈ ریسرچ، کمپیوٹیشنل فلوئڈ ڈائنامکس اور جدید انجینئرنگ ایپلیکیشنز جیسے موضوعات پر اپنے لیکچرز پیش کریں گے۔
کانفرنس میں پانچ یادگاری لیکچرز اور سات مدعو لیکچرز شامل ہیں۔ کل 202 پیش کردہ تحقیقی خلاصوں میں سے 12 مقالے ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ کے لیے اور 93 مقالے کانٹری بیوٹڈ ٹاکس کے لیے منتخب کیے گئے ہیں۔ وی آئی ٹی بھوپال یونیورسٹی آئی ایس ٹی اے ایم-2025 جیسے بین الاقوامی تحقیقی فورمز کے انعقاد کے ذریعے بھارت کے سائنسی و تحقیقی نظام کو مستحکم بنانے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔